اسلامی فوجی اتحاد میں مزید ممالک کو شامل ہونا چاہیے، صادق سنجرانی

ویب ڈیسک  منگل 12 فروری 2019
اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اِن چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات فوٹو:فائل

اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اِن چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات فوٹو:فائل

 اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد میں مزید ممالک کو شامل ہونا چاہیے۔

اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اِن چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے پارلیمنٹ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے چیئرمین سینیٹ کو دہشتگردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اسلامی فوجی اتحاد کی قیادت پاکستان کے سابق آرمی چیف کر رہے ہیں۔

راحیل شریف نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے اور پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے، اسلامی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔

بعدازاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں پاک سعودی تعلقات پر نمائش میں شرکت کی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی سعودی ولی عہد کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے، سعودی عرب مشکل وقت میں ہماری مدد کررہا ہے اور گوادر میں بھی سرمایہ کاری کرے گا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے بعد اسلامی فوجی اتحاد ایک اہم فورم ہے اور جو اسلامی ممالک اس اتحاد سے باہر ہیں انہیں بھی اس میں شامل ہونا چاہیے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا عکاس ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔