نجم سیٹھی کو پی ایس ایل کی یاد ستانے لگی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 13 فروری 2019
اس بار شاندارایونٹ میں ساتھ نہیں ہوںگا،زندگی میں ایسا ہوتا ہے،سابق چیئرمین۔ فوٹو: فائل

اس بار شاندارایونٹ میں ساتھ نہیں ہوںگا،زندگی میں ایسا ہوتا ہے،سابق چیئرمین۔ فوٹو: فائل

لاہور: سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو پی ایس ایل کی یاد ستانے لگی۔

پی ایس ایل کی داغ بیل تو سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ڈالی لیکن بوجوہ اپنے منصوبے کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا سکے، نجم سیٹھی کی سربراہی میں پہلا ایڈیشن یواے ای میں ہوا، دوسرے سیزن کا ایک اور تیسرے کے 3میچز پاکستان میں ہوئے۔

چوتھے سیزن سے قبل تبدیلی کی لہر چلنے پر چیئرمین پی سی بی اور پی ایس ایل کی گورننگ کونسل دونوں نجم سیٹھی کے ہاتھ سے نکل گئے، پہلے سے تیسرے ایڈیشن تک ہر تقریب میں پیش پیش رہنے والے نجم سیٹھی کی جگہ اب احسان مانی چارج سنبھال چکے ہیں۔

سابق چیئرمین اپنے ہی لگائے پودے کے سائے میں بیٹھنے کے بجائے اس کو دور سے ہی دیکھنے پر مجبور ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر چند صارفین نے نجم سیٹھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماضی کی خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا بہتر نہیں تھا کہ آپ کے جانشین بطور مہمان خصوصی پی ایس ایل فور کی افتتاحی  تقریب میں بلاتے‘‘۔

جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ مجھے یاد رکھنے اور یاد دلانے کا شکریہ، میں بھی کمی محسوس کروں گا، زندگی میں ایسا ہوتا ہے، اس بار شاندار ٹورنامنٹ میں آپ کے ساتھ نہیں ہوںگا لیکن شرکت کرنیوالی تمام ٹیموں کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں،میڈیا سپورٹ اور حوصلہ افزائی نہ کرتا تو پی ایس ایل کی کامیابی ممکن نہیں تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔