کراچی سے ایک اور سرکاری گاڑی چھین لی گئی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 13 فروری 2019
مسلح ملزمان گاڑی لے کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے، فوٹو: فائل

مسلح ملزمان گاڑی لے کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے، فوٹو: فائل

پولیس ناکوں کے باوجود ڈیفنس فیز 6 سے ایک اورسرکاری گاڑی چھین لی گئی ۔

کراچی کے گزری تھانے کے علاقے ڈیفنس 6 خیابان سحرسے ایک اورسرکاری گاڑی نمبرجی ایس سی 653 ڈرائیورعرفان سے اسلحے کے زور پر چھین لی گئی اور مسلح ملزمان گاڑی لے کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او گزری خان محمد نے بتایا کہ چھینی جانے والی گاڑی ریٹائرڈ جج اوربورڈ آف ریونیو کے اپلیٹ ٹربیونل کے رکن حیدراظہارکے استعمال میں تھی اورمذکورہ گاڑی ان کا ڈرائیورعرفان چلا رہا تھا اورمسلح ملزمان گاڑی کے علاوہ ڈرائیورکا موبائل فون اورنقدی بھی چھین کرفرارہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے ڈرائیور عرفان کی مدعیت میں گاڑی چھینے جانے کے واقعہ کامقدمہ الزام نمبر 2019/67 درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال میں اب تک ضلع ساؤتھ سے 6 سرکاری گاڑیاں چھینے یا چوری کی جا چکی ہیں جن میں درخشان تھانے کی حدود سے 3،گزری سے 2 اور کلفٹن تھانے کی حدود سے ایک سرکاری گاڑی چھینی یا چوری کی گئی ہے ۔

دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ساؤتھ کے علاقے میں سرکاری گاڑی چھیننے کے واقعہ پر ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایس پی اے سی ایل سی سے گاڑی کی برآمدگی اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ انکوائری اور جملہ پولیس اقدامات پر مشتمل رپورٹس طلب کرلی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔