کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل جیتنے کا قحط ختم کرنے کو پرُعزم

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 13 فروری 2019
سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم نے 2بار فائنل میں پہنچ کر ہمت ہار دی، فوٹو: سوشل میڈیا

سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم نے 2بار فائنل میں پہنچ کر ہمت ہار دی، فوٹو: سوشل میڈیا

 دبئی: پی ایس ایل 4 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل فتوحات کا قحط ختم کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل میں مجموعی کارکردگی اچھی رہی لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا، تینوں ایڈیشنز میں سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم نے 2بار فائنل میں پہنچ کر ہمت ہار دی۔

پہلے ایڈیشن میں 6 فتوحات کےساتھ کوالیفائر میچ میں پشاورزلمی کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک رن سے ہرایا لیکن فیصلہ کن معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مات دیدی۔

دوسرے ایڈیشن میں 4 فتوحات اور ایک بے نتیجہ میچ کے نتیجے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلے آف مرحلے کےلیے کوالیفائی کیا، اس بار بھی پشاورزلمی کو ایک رن سے مات دی کر براہ راست فائنل میں جگہ بنائی، پشاور زلمی ایلمنیٹر میچ میں کراچی کنگز کو شکست دے کر ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مقابل آئے اور 58 رنز سے فتح کیساتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا، کیون پیٹرسن سمیت اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کا لاہور میں فائنل کھیلنے سے انکار بھی شکست کی وجہ بنا۔

تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے،ایلمنیٹر ون میں پشاور زلمی کے ہاتھوں ایک رن سے شکست ہوئی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل فور سے قبل تبادلے کے عمل میں لاہور قلندرز کو چھوڑنے والے سنیل نارائن کی خدمات حاصل کر لی تھیں لیکن بی پی ایل میں انگلی کی انجری بڑھ جانے پر ان کی جگہ میکس والر کو شامل کرنا پڑا، کم از کم ابتدائی مرحلے میں سنیل نارائن میسر نہیں ہوں گے، ڈیوائن براوو کو تاخیر سے جوائن کرنا ہے، ان کا خلا ڈیوائن اسمتھ پُر کریں گے۔

سرفراز احمد کو شین واٹسن جیسے نامور آل راؤنڈر کے ساتھ ماضی میں ڈسلپن کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ رکھنے والے باصلاحیت مگر شریر بچوں عمراکمل اور احمد شہزاد کی خدمات بھی حاصل ہیں، جارح مزاج رلی روسو بھی موجود ہوں گے، محمد نواز آف سپن بولنگ کےساتھ بیٹنگ میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکتے ہیں،پیس بیٹری میں سہیل تنویر اور انور علی کیساتھ ہیری گرنی بھی موجود ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس بار ٹائٹل فتوحات کا قحط ختم کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔