ایران میں پاسداران انقلاب کی گاڑی پر خود کش حملہ، 20 اہلکار جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 13 فروری 2019
خود کش دھماکے میں 20 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

خود کش دھماکے میں 20 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

تہران: ایران میں پاسداران انقلاب  کی بس پر خود کش حملے کے نتیجے میں 20 اہلکار جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبے سیستان بلوچستان میں خود کش بمبار نے زاہدان سے کیش جانے والی پاسداران انقلاب کی بس کو نشانہ بنایا، خود کش حملے میں 20 اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ 20 زخمی ہیں۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ 5 اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

ایران کے اس علاقے میں کئی شدت پسند تنظیمیں متحرک ہیں تاہم خود کش حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقہ کا محاصرہ کر کے تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشہ برس دسمبر میں چاہ بہار میں خود کش دھماکے میں دو پولیس افسران سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ ماہ ستمبر میں ایک اور واقعے میں فوجی پریڈ پر حملہ کیا گیا جس میں 24 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔