کوئٹہ ٹائٹل فتوحات کا قحط ختم کرنے کیلیے پرعزم

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 14 فروری 2019
کپتان سرفراز احمد کو واٹسن کے ساتھ باصلاحیت عمر اکمل اور احمد شہزاد کا ساتھ بھی میسر۔ فوٹو: فائل

کپتان سرفراز احمد کو واٹسن کے ساتھ باصلاحیت عمر اکمل اور احمد شہزاد کا ساتھ بھی میسر۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی ایس ایل فور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل فتوحات کا قحط ختم کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل میں مجموعی کارکردگی اچھی رہی لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا، تینوں ایڈیشنز میں سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم نے 2بار فائنل میں پہنچ کر ہمت ہاردی۔

پہلے ایڈیشن میں 6فتوحات کیساتھ کوالیفائر میچ میں پشاورزلمی کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک رن سے ہرایا لیکن فیصلہ کن معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مات دیدی۔دوسرے ایڈیشن میں4 فتوحات اور ایک بے نتیجہ میچ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلے آف مرحلے کیلیے کوالیفائی کیا، اس بار بھی پشاورزلمی کو ایک رن سے مات دیکر براہ راست فائنل میں جگہ بنائی، پشاور زلمی ایلمنیٹر میچ میں کراچی کنگزکوشکست دے کر ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مقابل آئے اور 58 رنز سے فتح کیساتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کیون پیٹرسن سمیت اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کا لاہور میں فائنل کھیلنے سے انکار بھی شکست کی وجہ بنا۔ تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے،ایلمنیٹر ون میں پشاور زلمی کے ہاتھوں ایک رن سے شکست ہوئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل فور سے قبل تبادلے کے عمل میں لاہور قلندرز کو چھوڑنے والے سنیل نارائن کی خدمات حاصل کر لی تھیں لیکن بی پی ایل میں انگلی کی انجری بڑھ جانے پر ان کی جگہ میکس والر کو شامل کرنا پڑا، کم از کم ابتدائی مرحلے میں سنیل نارائن میسر نہیں ہوں گے، ڈیوائن براوو کو تاخیر سے جوائن کرنا ہے، ان کا خلا ڈیوائن اسمتھ پْر کریں گے۔

سرفراز احمد کو شین واٹسن جیسے نامور آل راؤنڈر کیساتھ ماضی میں ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ رکھنے والے باصلاحیت مگرشریر بچوں عمراکمل اور احمد شہزاد کی خدمات بھی حاصل ہیں، جارح مزاج رلی روسو بھی موجود ہوں گے۔

محمد نواز آف سپن بولنگ کیساتھ بیٹنگ میں بھی صلاحیتوں کے جوہردکھاسکتے ہیں، پیس بیٹری میں سہیل تنویراورانورعلی کیساتھ ہیری گرنی بھی موجود ہیں،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس بار ٹائٹل فتوحات کا قحط ختم کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ

سرفراز احمد(کپتان)، شین واٹسن،ڈیوائن اسمتھ،سنیل نارائن، ڈیوائن براوو، رلی روسو، فواد احمد، ہیری گرنی،احمد شہزاد، عمراکمل،میکس والر، محمد نواز،سہیل تنویر،سعود شکیل،احسن علی خان،انور علی،دانش عزیز،جلات خان، اعظم خان، محمد عرفان جونیئر، محمد اصغر، غلام مدثر، محمد حسنین

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔