جعلی پولیس افسر نے پولیس اور دکانداروں کو بے وقوف بنا کر لوٹ لیا

نعمان شیخ  جمعـء 15 فروری 2019
ایس ایچ او نے نہ اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا نہ جعلی اے ایس پی کی تصدیق کرنا گوارا کیا، اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں۔ فوٹو: فائل

ایس ایچ او نے نہ اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا نہ جعلی اے ایس پی کی تصدیق کرنا گوارا کیا، اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: جعلی پولیس افسر نے رائے ونڈ پولیس اور دکانداروں کو بے وقوف بنا کر لوٹ لیا۔

جعلی اے ایس پی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے حکم پرسٹی پولیس نے منی ٹرانفسر کرنے والے دکانداروں کے لاکھوں روپے لٹوا دیے۔ میڈیا نے انوکھے فراڈ کا پردہ چاک کیا تو ایس پی نے مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

انوکھے فراڈیے نے تھانہ سٹی رائے ونڈ پولیس اور دکانداروں کو ماموں بنا دیا۔ نامعلوم شخص نے اے ایس پی ٹوبہ ٹیک سنگھ بن کر تھانہ سٹی رائے ونڈ فون کیا۔ حکم دیا، علاقے کی منی ٹرانسفر شاپس کا ڈیٹا فوری فراہم کریں۔

ایس ایچ او نے نہ اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا نہ جعلی اے ایس پی کی تصدیق کرنا گوارا کیا، اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں۔ دکانداروں کے نام اور فون نمبر لے کر جعلی اے ایس پی کو پیش کر دیے۔ کچھ دیر بعد دکانداروں کومختلف نمبروں سے فون آیا۔ 40 سے 50 ہزار تک کی رقم فون نمبرز پر بھجوانے کا حکم ملا۔ کئی گھبرا کر لٹ گئے۔ پیسے نہ بھیجنے والے دکانداروں کیساتھ بدتمیزی بھی کی گئی۔

ڈیٹا اکٹھا کرنے والے اہلکار کہتے ہیں اس معاملے پر صاحب سے بات کریں معاملہ ایس پی صدر ڈویژن سیدعلی کے نوٹس میں آیا توان کا کہنا تھا کہ پولیس اور شہری دونوں کے ساتھ فراڈ ہوا ہے، پیسے منگوانے والے تمام نمبروں کے خلاف مقدمات درج کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔