پی ایس ایل ڈائری 

سلیم خالق  جمعـء 15 فروری 2019
 سی بی نے کسی کو پی ایس ایل کا سربراہ نہ بنا کر غلط فیصلہ کیا۔ فوٹو: فائل

سی بی نے کسی کو پی ایس ایل کا سربراہ نہ بنا کر غلط فیصلہ کیا۔ فوٹو: فائل

میں گہری نیند سو رہا تھا کہ موبائل فون پر پیغام آنے سے آنکھ کھل گئی،اس میں لکھا تھا کہ پٹ بل نہیں آ رہا پی سی بی کے دس کروڑ روپے بچ گئے،مجھے بڑی حیرت ہوئی کہ تقریب شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ایسا کیسے ہو سکتا تھا، میں نے پٹ بل کا ٹویٹر اکاؤنٹ دیکھا تو اس میں ویڈیو پیغام موجود تھا۔

اگلی صبح پی سی بی کے ایک آفیشل کو پیغام بھیجا تو انھوں نے جواب دیا کہ پٹ بل صرف پریس کانفرنس میں نہیں آئے تقریب میں پرفارم کریں گے،پھر جب میں نے ٹویٹ کا اسکرین شاٹ بھیجا تو وہ بھی حیران رہ گئے،خیراس واقعے کی وجہ سے پی ایس ایل فور کا آغاز اچھا نہ رہا۔

دوپہر میں میری شعیب ملک سے ملاقات ہوئی، انھوں نے کپتانی تنازع اور دیگر تمام امور پر کھل کر بات کی،چند گھنٹوں بعد میں اسٹیڈیم روانہ ہو گیا،رش بہت ہو گا لہذا ٹریفک میں پھنسنے سے اچھا ہے جلدی پہنچ جاؤں،آج صبح ہی میں نے یہ فیصلہ کر لیا تھا جو بعد میں درست ثابت ہوا۔

افتتاحی تقریب رات 8 بجے شروع ہونا تھی اور میں 6 بجے ہی آگیا اس وقت اسٹیڈیم تقریبا خالی تھا،بعد میں ساڑھے 7 بجے تک بھی20، 30  فیصد ہی بھرسکا، تقریب کا آغاز مقررہ وقت پر ہوا،پٹ بل کے نام پر بہت سے ٹکٹ بیچے گئے مگر انھوں نے آخری وقت میں آنے سے معذرت کرلی البتہ دیگر فنکاروں نے اچھا پرفارم کیا،یہ اور بات ہے کہ زیادہ تر اپنے مشہور گانوں پر لپ سنگ ہی کرتے رہے۔

آتشبازی کا مظاہرہ بہت اچھا تھا، میں نے آج ایک بات نوٹ کی کہ پی سی بی نے کسی کو پی ایس ایل کا سربراہ نہ بنا کر غلط فیصلہ کیا،ہر ڈپارٹمنٹ اپنی اپنی سمتوں میں چل رہا ہے جس سے معاملات اتنے اچھے انداز میں چلتے دکھائی نہیں دے رہے، چونکہ بورڈ نے اس بار صحافیوں کو دبئی نہیں بھیجا اس لیے میڈیا باکس میں گزشتہ تینوں ایڈیشنز جیسی وہ رونق نہیں جب سابق چیئرمین  ہر سال 50، 60 صحافیوں کو بھیجا کرتے تھے۔

سیٹھی صاحب پی ایس ایل کو کتنا مس کر رہے ہیں اس کا اندازہ ان کی ٹویٹس سے لگایا جا سکتا ہے،بعض لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ان کو افتتاحی تقریب میں مدعو کرنا چاہیے تھا البتہ مجھے اس میں کوئی منطق نظر نہیں آئی، جب سابق اور موجودہ چیئرمینز میں قانونی جنگ چل رہی ہو تو ایسا کیسے ممکن تھا۔

اسٹیڈیم میں موجود سیٹھی صاحب کے چاہنے والے بھی یہ تاثر دیتے رہے جیسے ان کے دور میں دودھ کی ندیاں بہہ رہی تھیں اور اب تباہی چھا گئی ہے، خیر آج تو پہلا دن ہے اتنی جلدی کوئی رائے قائم کرنا درست نہیں، آئندہ چند روز میں علم ہوگا کہ پی ایس ایل کس سمت میں جا رہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔