چوہدری برادران کی چیئرمین نیب کو تحقیقات کیلئے پیرس کا ٹکٹ دینے کی پیشکش

ویب ڈیسک  جمعـء 15 فروری 2019
قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ترجمان نیب، فوٹو: فائل

قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ترجمان نیب، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے اپنے خلاف تحقیقات کے لیے چیئرمین نیب کو پیرس کا ٹکٹ دینے کی پیشکش کردی۔

پاکستان مسلم لیگ(ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیب کے حوالے سے ٹی وی اور اخبارات میں خبر آئی ہے کہ چوہدری برادران کی پیرس میں جائیداد کا ریکارڈ مل گیا ہے۔ چوہدری برادران نے چیئرمین نیب کو آفر کی کہ وہ اپنی 3 رکنی ٹیم کے ساتھ خود پیرس جائیں اور ہمارے خلاف تحقیقات کریں،  ہم ان کو فرسٹ کلاس ٹکٹ دیں گے جبکہ ان کی رہائش اور ٹرانسپورٹ کا سارا انتظام گجرات کے عوام برداشت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی کے خلاف دوبارہ نیب تحقیقات کی منظوری

ادھر ترجمان قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی پیرس میں جائیداد کی کوئی بات نہیں کی۔ نیب نے تردیدی بیان میں کہا ہے کہ چوہدری برادران کی پیرس میں جائیداد کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، اس حوالے سے نشر ہونیوالی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔