دوران میچ فرنچائز مالکان کو ڈریسنگ روم اور ڈگ آؤٹس میں جانے کی اجازت مل گئی

سلیم خالق  جمعـء 15 فروری 2019
اب ٹیم مالکان کی صوابدید ہے کہ وہ جب چاہیں میچ کے دوران کھلاڑیوں کے پاس جا سکتے ہیں، فوٹو: فائل

اب ٹیم مالکان کی صوابدید ہے کہ وہ جب چاہیں میچ کے دوران کھلاڑیوں کے پاس جا سکتے ہیں، فوٹو: فائل

 دبئی: پی سی بی نے نئی روایت قائم کرتے ہوئے پی ایس ایل میں دوران میچ مالکان کو ڈریسنگ روم اور ڈگ آؤٹس میں جانے کی اجازت دے دی۔

اس سے قبل ابتدائی تینوں ایڈیشنز میں ایسا نہیں ہوا تھا،ذرائع نے بتایا کہ ایسا سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے ایک ٹیم اونر کے کہنے پر کیا گیا جو لائم لائٹ میں رہنے کے بے حد شوقین ہیں۔

گذشتہ دنوں ٹیم اونرز کی میٹنگ میں جب اس حوالے سے بات ہوئی تو بیشتر مالکان نے مخالفت کی مگر بورڈ نے فیصلے کا پھر بھی نفاذ کر دیا،اب ٹیم مالکان کی صوابدید ہے کہ وہ جب چاہیں میچ کے دوران کھلاڑیوں کے پاس جا سکتے ہیں۔

رواں سیزن میں پہلی بار پی سی بی کو آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی معاونت بھی حاصل ہے،ذرائع کے مطابق انھوں نے بھی اس اقدام پر ناپسندیدگی ظاہرکی،البتہ ڈومیسٹک ایونٹ ہونے کی وجہ سے وہ ازخود کوئی مداخلت نہیں کر سکتے البتہ کونسل کو اس حوالے سے رپورٹ ضرور دیں گے،خود بورڈ کے اپنے نامزد کردہ اینٹی کرپشن آفیشلز بھی اس فیصلے سے خوش نہیں ہیں،ان کا خیال ہے کہ اس سے فرائض کی انجام دہی میں مشکل پیش آئے گی،پلیئرز کو بھی اس سے مالکان کی کھیل میں مداخلت بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔