باصلاحیت پاکستانی طالبہ ناسا کی خلائی انٹرن شپ کے لیے منتخب

صبا ناز  ہفتہ 16 فروری 2019
دنیا بھر سے منتخب 25 طلبا میں رعدیہ شامل ہیں جنہیں خلائی امور کی تربیت دی جائے گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

دنیا بھر سے منتخب 25 طلبا میں رعدیہ شامل ہیں جنہیں خلائی امور کی تربیت دی جائے گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

 کراچی: پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز کی بات ہے کہ کراچی کی ہونہار بیٹی رادیہ عامر کو امریکی خلائی ادارے ناسا نے ایک ہفتے کی انٹرن شپ کے لیے منتخب کرلیا، شہر قائد کی یہ طالبہ کہکشاؤں میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کے لیے بے چین ہے۔

ایکسپریس کے مطابق پاکستان کی ہونہار بیٹی 13 سالہ رادیہ عامر کو امریکی خلائی ادارے ناسا نے ایک ہفتے کی انٹرن شپ کے لیے منتخب کرلیا ہے۔ وہ برٹش اوورسیز اسکول کراچی میں آٹھویں کلاس کی طالبہ ہیں۔ رادیہ عامر کو شروع سے ہی خلا میں جانے اور اسے جاننے کا تجسس تھا، وہ 16 فروری کو کراچی سے ناسا کینیڈی اسپیس سینٹر آرلینڈو فلوریڈا کے لیے روانہ ہوں گی۔

رادیہ کو اس کے اسکول کی سپورٹ پر ناسا نے مختلف ممالک کے 25 طلباء کے گروپ کے ساتھ منتخب کیا ہے اور رادیہ اپنی پہلی کامیابی پر کافی پرجوش ہیں۔ رادیہ عامر کو خلا میں زندہ رہنے، چہل قدمی کرنے سمیت دیگر خلائی امور کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔

رادیہ عامر کا کہنا ہے کہ ناسا کینیڈی اسپیس سینٹر میں ایک ہفتہ گزارنا اور وہاں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانا میرا خواب ہے، میری شروع سے ہی سیاروں اور ستاروں میں دلچسپی تھی، کہکشاں میں چمکتے ہوئے ستارے ہمیشہ سے ہی میری جستجو کا باعث بنے رہے ہیں۔ رادیہ نے اپیل کی کہ لوگ میرے سفر کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔