آج کی شدید سردی، کل کی فصلوں کو متاثر کرتی ہے

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 فروری 2019
امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ سردیوں کی شدت سے اگلی فصلوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ سردیوں کی شدت سے اگلی فصلوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکی زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ شدید سرد موسم اگلی فصلوں پر منفی اثر ڈالتے ہیں اور اس کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ آب و ہوا میں تبدیلی کے بعد موسموں میں شدت عام ہوچکی ہے ۔ اس کے فصلوں اور کھیتی باڑی پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ گرمی ، بارش، طوفان اور خشک سالی کے فصلوں پر اثرات تو ہمیں معلوم ہے مگر امریکی ماہرین کا اصرار ہے کہ سردیوں کی شدت اگلی فصلوں پر منفی اثر ڈالتی ہے۔

امریکی ماہرین کا خیال ہے کہ سردی کی حالیہ شدید لہر امریکی مڈویسٹ علاقوں کی فصلوں کو بری طرح متاثر کرے گی۔ ماہرین کے مطابق سردیوں کی شدید لہر موسمِ بہار تک جاری رہ سکتی ہے اور ایسا ہونے سے اگلی فصلوں پر اس کا اثر پڑے گا۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ برس جارجیا میں غیرمعمولی سردی سے بلیو بیری کی فصل متاثر ہوئی تھی۔ کئی مقامات پر الفلفا کی فصل بھی معمول سے کم دیکھی گئی تھی۔

سردیوں کے شدید دور سے ایک فائدہ تو یہ ہوسکتا ہے کہ اس سے فصل دشمن کیڑے اور حشرات مرسکتے ہیں اور انہیں مارنے کے لیے کیڑے مار دوا کی ضرورت کم کم پیش آئے گی۔ زرعی اور موسمیاتی ماہرین کا خیال ہے کہ امریکی مڈ ویسٹ علاقوں میں اگر سردی کی شدید لہر مارچ کے اوائل تک جاری رہتی ہے تو اس سے گندم اور دیگر فصلوں میں کمی ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے اس امر پر زور دیا کہ شاید غیرمعمولی سردی کا یہ رحجان اگلے برسوں تک جاری رہے گا اور اس کے زراعت پر اثرات کو سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہوگی۔ اس عمل سے ایک جانب تو موسموں کا مزاج اور دورانیہ بگڑے تو دوسری جانب فصلوں کی بوائی بھی متاثر ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔