کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 17 فروری 2019
اسلام آباد یونائیٹڈ کے وین پارنیل نے 41 اور آصف علی نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو: پی ایس ایل

اسلام آباد یونائیٹڈ کے وین پارنیل نے 41 اور آصف علی نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو: پی ایس ایل

 دبئی: پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

شین واٹس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 55 گیندوں پر 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے 4 چھکے اور 6 چوکے لگائے اور ٹیم کے فتح گر ثابت ہوئے جب کہ عمر اکمل نے 44، سرفراز احمد نے 15، روسو نے 10 اور احمد شہزاد نے 2 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پٹیل، رومان رئیس اور ڈیلپورٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1097129143815286784

اس سے قبل میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کیا، سہیل تنویر نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر رونکی کو پویلین واپس بھیج دیا جب کہ پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر شاداب خان کو بھی آؤٹ کرکے اسلام آباد کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1097097484827004933

رضوان حسین بھی 5 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کا شکار بنے، کیمرون ڈیلپورٹ اور حسین طلعت نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم کیمرون بھی 19 رنز بناکر فواد احمد کا شکار بنے جب کہ حسین طلعت بھی 30 رنز کی اننگز کھیل کر فواد کے ہاتھوں بولڈ ہوئے اور فہیم اشرف بھی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1097107374953955329

آصف علی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد وہ سہیل تنویر کا شکار بن گئے جب کہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وین پارنیل نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور سہیل تنویر کو مسلسل 3 چوکے لگانے کے بعد 41 رنز پر پویلین لوٹے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے 4، فواد احمد 3، اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔