پاک بھارت تعلقات مزید کشیدہ؛ پاکستانی ہائی کمشنر کو واپس بلا لیا گیا

ویب ڈیسک  پير 18 فروری 2019
لاہور سے پیر کے روز دوستی بس کے ذریعے صرف 11 مسافر بھارت روانہ ہوئے  فوٹو: فائل

لاہور سے پیر کے روز دوستی بس کے ذریعے صرف 11 مسافر بھارت روانہ ہوئے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں اور پاکستان نے نئی دہلی میں تعینات ہائی کمشنر کو مشاورت کے لیے اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت سے اپنے ہائی کمشنر سہیل محمود کو واپس بلا لیا۔ ہائی کمشنر کی طلبی کا مقصد مشاورت کرنا ہے۔ سہیل محمود آج صبح دہلی سے روانہ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب بھارت نے سری نگر مظفر آباد بس سروس اچانک معطل کردی ہے۔ بھارت نے رات گئے سری نگر مظفرآباد بس سروس معطل کرنے کی اطلاع آزاد کشمیرحکام کو دی جب کہ معطلی کی وجوہات نہیں بتائی گئی۔ بس سروس معطلی سے ایل او سی کے دونوں جانب سفر کرنے والے مسافر شدید سردی میں پریشان ہوگئے۔ اس لئے لاہور سے پیر کے روز دوستی بس کے ذریعے صرف 11 مسافر بھارت روانہ ہوئے ان میں بڑی تعداد بھارتی شہریوں کی تھی جب کہ دہلی سے 16 مسافروں کو لے کر دوستی بس لاہور پہنچے گی۔

مقبوضہ کشمیرکی کٹھ پتلی حکومت نے آزاد کشمیرکے ساتھ باہمی تجارت بھی روک دی ہے جس کی وجہ سے آج چکوٹھی بارڈرکے راستے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیرمیں تجارت بھی نہیں ہوسکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔