پی سی بی کا بھارتی پروڈکشن کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر غور

محمد یوسف انجم  پير 18 فروری 2019
پی سی بی اور بھارتی براڈ کاسٹ کمپنی کے ساتھ پاکستان سپرلیگ 4 کے تمام میچز  دکھانے کا معاہدہ ہوا تھا۔ فوٹو:فائل

پی سی بی اور بھارتی براڈ کاسٹ کمپنی کے ساتھ پاکستان سپرلیگ 4 کے تمام میچز دکھانے کا معاہدہ ہوا تھا۔ فوٹو:فائل

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی پروڈکشن کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔

پی سی بی اور بھارتی براڈ کاسٹ کمپنی کے ساتھ پاکستان سپرلیگ 4 کے یو اے ای اور پاکستان میں شیڈول تمام میچز  دکھانے کا معاہدہ ہوا تھا۔ بورڈ حکام نے بھارتی کمپنی کے راہ فرار کے بعد ہنگامی طور پر بدھ سے لیگ کے شارجہ سمیت دوسرے تمام مقامات پر ہونے والے میچز دکھانے کا بندوبست کرلیاہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارت میں پی ایس ایل میچز کی کوریج روک دی گئی

اس سلسلے میں دبئی میں ایک براڈ کاسٹ کمپنی سے معاملات  کافی حد تک طے کرکے لاجسٹک انتظامات کو یقینی بنانے پر پیش رفت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق  بورڈ حکام بھارتی کمپنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی شرائط کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس سلسلےمیں وکلا سے بات چیت کے بعد باقاعدہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ دوسری جانب نئی کمپنی کے ساتھ معاہدے میں یہ شرط خاص طور پر شامل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی کمپنی کی طرح دوران  لیگ کوئی عمل نہیں کرے گی جس سے لیگ کی ساکھ پر حرف آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔