اقوام متحدہ اور امریکی سفری پابندیوں کے باعث طالبان وفد کا دورہ پاکستان ملتوی

ویب ڈیسک  پير 18 فروری 2019
افغان طالبان کے مذاکراتی وفد نے آج پاکستان پہنچنا تھا۔ فوٹو : فائل

افغان طالبان کے مذاکراتی وفد نے آج پاکستان پہنچنا تھا۔ فوٹو : فائل

دوحا: افغان طالبان کے مذاکراتی وفد میں شامل اراکین پر اقوام متحدہ اور امریکا کی جانب سے سفری پابندیوں کے باعث پاکستان کا دورہ ملتوی کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کے مذاکراتی وفد نے آج اسلام آباد پہنچنا تھا، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور دیگر حکام کو وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرنا تھی۔

قطر میں افغان طالبان سیاسی دفتر سے جاری بیان میں سفری پابندیوں کے باعث دورہ ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مذاکرات کے لیے نئی تاریخ طے کی جائے گی جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں ہونے والے مذاکراتی عمل میں افغانستان میں جاری 17 سالہ جنگ کے خاتمے کی امید ہوگئی ہے اور امریکا بھی اپنی فوجیں واپس بلانے پر تیار ہوگیا ہے۔ اسی سلسلے میں مذاکراتی وفد کو پاکستان آنا تھا۔

دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران امن مذاکرات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے معلومات کے تبادلے اور مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔

ادھر طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، فریقین کی جانب سے متضاد اعداد وشمار پیش کیے گئے ہیں جب کہ بارودی سرنگ دھماکے میں ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔