بھارت 3 بارجوہری حملے کی دھمکی کا شکار ہوا، ہندوستان ٹائمز

ایکسپریس ڈیسک  جمعـء 24 اگست 2012
امریکانے روسی جوہری کیریئرکوخلیج بنگال میں اترنے پردھمکی دی تھی، رپورٹ میں انکشاف، فوٹو : فائل

امریکانے روسی جوہری کیریئرکوخلیج بنگال میں اترنے پردھمکی دی تھی، رپورٹ میں انکشاف، فوٹو : فائل

نئی دہلی: پاکستان نے بھارت کے جنگی جنون کو دو بار ایٹمی حملے کی دھمکی دیکر روکا جبکہ اسے امریکاکی طرف سے بھی ایسی صورتحال کا سامناکرنا پڑا، بھارت کو یہ دھمکیاں1971ء ،1987ء اور 1990ء میں دی گئیں۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمزنے بھارت کے جوہری اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے انکشاف کیاہے کہ بھارت تین بارجوہری حملے کی دھمکی کا شکارہوا۔ دوباراسے پاکستان جبکہ ایک بار امریکاکی طرف سے ایسی صورت حال کا سامنا کرناپڑا۔

اخبار لکھتا ہے کہ اگرچہ بھارت کے قومی سلامتی مشیر شیو شنکر مینن نے جوہری حملے کی تین بار نئی د ہلی کودھمکی دینے والے ممالک کا نام لینے سے گریزکیا ہے تاہم اعلیٰ بھارتی حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے1987ء میں بھارت کے خلاف ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی اس وقت دھمکی دی جب اس وقت کے جنرل کے سندراجی کی زیر قیادت راجستھان کے ریگستان میں بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں شروع تھیں۔

یہ جنگی مشقیں نومبر 1986سے مارچ1987تک جاری رہیں۔ پاکستان کے صدرضیا الحق کی طرف سے پاکستان آرمی اور ایئرفورس کو متحرک دیکھا گیا۔ جنوری1987میں بھارتی صحافی کلدیپ نیر سے ایک انٹرویو میں پاکستان کے جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ کوئی بھی پاکستان کو کمزور یاتوڑنہیں کرسکتا ۔ واضح رہنا چاہیے کہ اگرہمارے وجود کو خطرہ لاحق ہوا توہم بم استعما ل کریں گے۔ بھارتی حکام کاکہنا ہے کہ یہ دھمکی سفارتی اور دیگر چینلز کے ذریعے پہنچائی گئی۔

دوسری بار بھارت پاکستان کے ہاتھوں جوہری دھمکی کا شکار بے نظیر بھٹو کے دور میں ہوا ۔ جب انھوں نے اپنے وزیر خارجہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) صاحبزادہ یعقوب خان کو21جنوری 1990کو کشمیر مسئلے پردبائوڈالنے کے لیے بھارت بھیجا ۔انھوں اپنے بھارتی ہم منصب آئی کے گجرال سے کہا کہ اگر بروقت اقدام نہ اٹھایا تو برصغیر پر جنگ کے بادل چھا جائیں گے۔ اخبار کے مطابق بھارت کو ملنے والی یہ دو براہ راست جوہری دھمکیاں تھیں جب کہ امریکاکی طرف سے بھارت کے خلاف بلواسطہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی دی گئی۔ رچرڈ نکسن انتظامیہ کے تحت امریکا نے بھارت کو11دسمبر1971میں دنیا کا پہلا روسی جوہری طاقت کیریئر کوخلیج بنگال میں اترنے پر دھمکی دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔