سعودی ولی عہد کا دورہ؛ اپوزیشن کو مدعو نہ کرکے حکومت نے کم ظرفی دکھائی، پیپلز پارٹی

ویب ڈیسک  پير 18 فروری 2019
حکومت نے اپوزیشن کو وفاق کا حصہ نہیں سمجھا، شیری رحمان۔ فوٹو:فائل

حکومت نے اپوزیشن کو وفاق کا حصہ نہیں سمجھا، شیری رحمان۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں اپوزیشن کو مدعو نہ کرکے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ایوان صدر میں پُروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ عطا کیا گیا تاہم اس تقریب میں اپوزیشن کے کسی رکن کو تشویش نہیں دی گئی جس پر پیپلزپارٹی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے قومی اسمبلی سے اپوزیشن ارکان کو دعوت نہ دینے پر کہا ہے کہ ولی عہد کے دورے کے دوران سابق صدر آصف زرداری، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور قومی اسمبلی کے کسی رکن کو مدعو نہ کرکے حکومت نے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے سعودی ولی عہد کا خیر مقدم کیا تھا لیکن حکومت نے اپوزیشن کو وفاق کا حصہ نہیں سمجھا، کون نہیں چاہے گا کہ پاکستان مستحکم ہو؟، کون نہیں چاہے گا کہ قیدی آزاد ہوں؟  اگر تمام اپوزیشن جماعتوں کو مدعو کیا جاتا تو دنیا میں ایک مثبت پیغام جاتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔