پاکستان سعودی عرب کا دہشتگردی کیخلاف اقدامات جاری رکھنے کا عزم، اعلامیہ

ویب ڈیسک  پير 18 فروری 2019
پاکستان میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوئے، اعلامیہ : فوٹو:فائل

پاکستان میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوئے، اعلامیہ : فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سعودی ولی شہزادہ محمد بن سلمان عہد کے دورہ پاکستان سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کااعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق  سعودی ولی عہد کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آیا، جس میں سعودی وزرا اور تاجر بھی شامل تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات سے متعلق ایک نئے باب کاآغاز ہے، جس میں دونوں ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں معاہدوں اورایم اویوز پر دستخط کئے گئے اور دورے کے دوران مجموعی طور پر پاکستان میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوئے، جب کہ ولی عہد نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کو رہاکرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے دو طرفہ تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا، جب کہ سعودی عرب کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کے اقدام کو سراہا گیا، اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی کاوشوں پر وزیراعظم کی تعریف کی، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی حجاج کے لیے خدمات پر سعودی فرمانرواشاہ سلمان کاخصوصی شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔