جی ڈی اے کا سندھ میں سیاسی و تنظیمی سرگرمیاںِ بڑھانے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 19 فروری 2019
سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم ،بھارتی الزام تراشی کی مذمت۔ فوٹو: ایکسپریس

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم ،بھارتی الزام تراشی کی مذمت۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے ) نے سندھ بھر میں اپنی سیاسی اور تنظیمی سرگرمیوں کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جی ڈی اے کا ایک اہم جلاس پیر صاحب پگارا کی زیر صدارت ان کی قیام گاہ کنگری ہاؤس میں ہوا۔ جس میں پیر صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر ذوالفقار مرزاِ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، شہر یار مہر، ڈاکٹر صفدر عباسی،ایاز لطف پلیجو، عرفان اللہ خان مروت،نند کمار گوکلانی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، سندھ کے سیاسی معاملات، جی ڈی اے کے تنظیمی امور اور دیگر معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جی ڈی اے کے رہنما پیرصدرالدین شاہ راشدی اور ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں کئی اہم معاملات زیربحث آئے اور اتحاد کی سیاسی اور تنظیمی سرگرمیوں کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ جی ڈی اے نے آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات کی ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ اجلاس نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور شرانگیز الزام تراشی کی بھر پور مذمت کی گئی۔

جی ڈی اے کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے زرداری اور ان کی ہمشیرہ کی ممکنہ گرفتاری سے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جس دن سندھ کے مظلوموں کی آہیں اور غریبوں کی بدعائیں پر اثر ثابت ہوگئیں اور گرفتار ہوجائیں گے۔

جی ڈی اے کے رہنماؤں نے کہا کہ ارشاد رانجھانی اوررمشاکا قتل یہ بتاتا ہے کہ سندھ می امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔