چوکوں اور چھکوں کی برسات نے شارجہ کا رخ کرلیا

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  منگل 19 فروری 2019
دبئی میں منعقدہ ابتدائی مرحلے میں دونوں میچز جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست۔ فوٹو: فائل

دبئی میں منعقدہ ابتدائی مرحلے میں دونوں میچز جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست۔ فوٹو: فائل

لاہور: چوکوں، چھکوں کی برسات نے شارجہ کا رخ کرلیا تاہم پی ایس ایل 4کے لیگ میچزکا دوسرا مرحلہ بدھ سے شارجہ میں شروع ہوگا۔

پی ایس ایل 4کا آغاز 14فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کیساتھ ہوا،اسی وینیو پر7لیگ میچز اتوارکومکمل ہوگئے، چوکوں، چھکوں کی برسات اب شارجہ کا رخ کرے گی، اس مرحلے میں مجموعی طور پر 8میچز کھیلے جائیں گے، بدھ کویہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہوگا، اگلے روزکراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

جمعہ کو2 میچزشیڈول ہیں، لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانز جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈکا پشاورزلمی کیساتھ ہوگا، شارجہ میں 24فروری تک 8میچز مکمل ہونے کے بعد اگلے مرحلے کیلیے ایک بار پھردبئی میں میدان سجے گا، ایونٹ کے ابتدائی 4 روز دبئی میں کھیلے جانے والے میچزمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں مقابلے جیت کر پوائٹس ٹیبل پرسرفہرست ہیں۔

پشاور زلمی، ملتان سلطانز اورکراچی کنگز نے 2،2میچز کھیل کر ایک میں فتح پائی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہورقلندرز نے 3،3میچز کھیل کر صرف ایک، ایک میچ میں کامیابی حاصل کی اور 2، 2 میں ناکامی کا منہ دیکھا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سوا دیگر تمام 5 ٹیموں کے2، 2پوائنٹس ہیں، رن ریٹ کی بنیاد پر پشاور زلمی دوسرے، ملتان سلطانز تیسرے، اسلام آباد چوتھے اور کراچی کنگز پانچویں نمبرہیں، لاہورقلندر بھی فی الحال پوائنٹس ٹیبل کی آخری ٹیم کا لیبل اتارنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

ابھی تک سب سے بڑا ٹیم ٹوٹل 6وکٹ پر 183رنز کراچی کنگز نے ملتان سلطانزکیخلاف بنایا اور7رنز سے فتح حاصل کی، دوسرا بڑا مجموعہ 5وکٹ پر 177رنز اسلام آباد یونائیٹڈ نے جوڑکر لاہور قلندرزکومات دی، تیسرا بڑا ٹوٹل ملتان سلطانز نے 9وکٹ پر176رنز کراچی کنگز کیخلاف بنایا جس کا ذکر مذکورہ بالا سطور میں آچکا۔

کم سے کم اسکور 78رنز پر لاہور قلندرز اتوار کو پشاور زلمی سے میچ میں آؤٹ ہوئے اور 7وکٹوں سے ناکامی ان کے گلے کا ہار بنی،کراچی کنگز کو لاہور قلندرز نے 116پر ڈھیر کرتے ہوئے 22رنز سے فتح حاصل کی، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈکو 7 وکٹ پر 125تک محدود کرتے ہوئے 5وکٹ سے کامیابی سمیٹی۔

ٹاپ 5بیٹسمینوں میں عمر اکمل119، بابر اعظم105، شین واٹسن 100، فخرزمان97اور لیونگ اسٹون 93رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں،ابھی تک سب سے بڑی 82رنز کی انفرادی اننگز لیام لیونگ اسٹون نے کھیلی ہے،شین واٹسن 81 ناٹ آؤٹ کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں،بابر اعظم 77،عمراکمل75ناٹ آؤٹ اورفخرزمان 65 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں، شعیب ملک، لیوک رونکی اور عمرامین نے بھی ففٹیز بنائی ہیں۔

بولرز میں راحت علی 8وکٹوں کیساتھ سرفہرست ہیں، وہاب ریاض، حسن علی، محمد عامر، حارث رؤف نے 5، 5شکار کیے ہیں،ایک اننگز میں بہترین بولنگ حسن علی نے کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی 4وکٹیں صرف 15رنز کے عوض حاصل کیں، سہیل تنویر21، حارث رؤف23،محمد عامر25 اور راحت علی 29رنز دیکر ایک اننگز میں 4،4 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔