پی ایس ایل؛ اسٹیڈیمز کی بے رونقی شاہد آفریدی کو بھی کھٹکنے لگی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 19 فروری 2019
پی ایس ایل ایک برانڈ اور ہماری پہچان بن چکا ہے، فوٹو: فائل

پی ایس ایل ایک برانڈ اور ہماری پہچان بن چکا ہے، فوٹو: فائل

 دبئی: آل راؤنڈرشاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پہلے ایڈیشن سے چوتھے تک کے سفر میں پی ایس ایل ایک برانڈ اور ہماری پہچان بن چکا ہے۔

ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی نے  کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ کیلئے قومی ٹیم کو ٹیلنٹ بھی یہیں سے میسر آ رہا ہے، بلاشبہ اس کو ایک کامیاب ایونٹ قرار دیا جاسکتا ہے، میری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تماشائی میچز دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں آئیں۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ یہ ہماری اپنی لیگ ہے میدان میں آکر رونقیں  بڑھانے سے اس کو مزید کامیاب بنایا جا سکے گا، پی سی بی کو بھی کوئی ایسی حکمت عملی بنانا  چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسٹیڈیم کا رخ کریں، امید ہے کہ لاہور اور کراچی میں میچز کے دوران اسٹینڈ خالی نہیں رہیں گے، کھلاڑی بھی تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیمز میں پرفارم کرتے ہوئے زیادہ خوشی محسوس کریں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ تین یا چار کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں جگہ بناتے دیکھ رہا ہوں، ابھی آغاز ہے، آگے چل کر سخت مقابلوں میں ان کی مہارت کا امتحان ہوگا، ان مراحل میں کارکردگی دیکھنے کے بعد ان کے نام بھی بتا سکوں گا۔

شاہد آفریدی نے کہا  کہ غیر ملکی کرکٹر سے بات ہوئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار دنیا کی دیگر تمام لیگز سے بہتر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔