پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپرمون دیکھا گیا

ویب ڈیسک  منگل 19 فروری 2019
سپرمون پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیکھا جارہا ہے (فوٹو: فائل)

سپرمون پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیکھا جارہا ہے (فوٹو: فائل)

 کراچی: پاکستان سمیت دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں سپرمون دکھائی دیا اور یہ نظارہ دنیا کے دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی دیکھا ۔

’سپرمون‘ چودھویں کے اس مکمل چاند کو کہتے ہیں جب چاند اور زمین کی باہمی قربت کی وجہ سے وہ بڑا اور روشن دکھائی دے۔ 19 فروری کی رات کو چاند زمین سے صرف 3 لاکھ 56 ہزار 846  کلومیٹر کے فاصلے پر تھا ورنہ عام حالات میں یہ فاصلہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس بات کا اندازہ اس امر لگایا جاسکتا ہے کہ اس سال 14 ستمبر کو چاند زمین سے بعید ترین فاصلے پر ہوگا یعنی 4لاکھ 6 ہزار 248 کلومیٹر دور ہوگا۔

ناسا کے مطابق چاند زمین کے گرد مکمل گول دائرے کی بجائے انڈے کی طرح بیضوی مدار میں گردش کرتا ہے اور زمین سے کبھی دور اور کبھی قریب ہوتا جاتا ہے۔ ناسا کے اندازے کے مطابق19 فروری کو  پاکستان وقت کے مطابق 8 بج کر 55 منٹ پر چاند زمین سے قریب ترین ہتھااور یوں خاصا بڑا اور روشن دکھائی دیا تھا۔

اگرچہ اگلے ماہ کی 20 تاریخ کو بھی سپرمون ہوگا لیکن اس کا زمین سے فاصلہ لگ بھگ 3 لاکھ 60 ہزار  772 کلومیٹر ہوگا۔ لیکن 19 فروری کو یہ زمین سے قریب ترین تھا۔

ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات محمد ریاض کے مطابق سپر مون اس وقت ہوتا ہے جس دوران چاند زمین کے قریب ترین فاصلے پر آجاتا ہے،اس وقت چاند کا قدرتی حجم فاصلہ سمٹنے کی وجہ سے کئی گنا بڑا دکھائی دینے لگتا ہے تاہم چند روز بعد یہ فاصلہ بڑھنا شروع ہوجاتا ہے اور چاند اپنی اصل شکل میں دکھائی دیتا ہے۔

چیف میٹرو لوجسٹ کراچی عبدالرشید کے مطابق ملک کے جو علاقے ابرآلود موسم اور بادلوں کی لپیٹ میں رہے وہاں تو سپر مون کا واضح نظارہ کرنے میں دقت کا سامنا رہا تاہم جن شہروں میں مطلع صاف تھا وہاں پر سپر مون کا بخوبی نظارہ کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔