کرکٹ ایک بار پھر نفرت کی بھینٹ چڑھنے لگی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 20 فروری 2019
جنونی ہندؤوں کا پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ ، ہربھجن کی کینہ پروری بھی عیاں۔ فوٹو: اے ایف پی

جنونی ہندؤوں کا پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ ، ہربھجن کی کینہ پروری بھی عیاں۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: کرکٹ ایک بار پھر بھارتی نفرت کی بھینٹ چڑھنے لگی اور انتہا پسندوں نے اپنی توپوں کا رخ ورلڈ کپ کی جانب موڑ لیا۔

بھارت ایک بار پھر اپنی نفرت کی آگ کرکٹ سے بجھانے پر تل گیا، عرصہ دراز سے پاکستان کے خلاف باہمی کرکٹ کھیلنے سے انکاری انتہا پسند بھارتیوں نے اب ورلڈکپ میں گرین شرٹس کا سامنا نہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اس سلسلے میں سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ بھی پیش پیش ہیں، انھوں نے اپنے ایک بیان میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ تو کیا کسی بھی قسم کے تعلقات رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، 16 جون کو اس کے ساتھ ورلڈ کپ میچ بھی نہیں کھیلنا چاہیے، اگر ایسا کرنے سے ہمارے پوائنٹس میں کٹوتی بھی ہوتی ہے تو کوئی پروا نہیں، ہم پاکستان ٹیم سے کیھلے بغیر بھی ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سیکریٹری سنجے پٹیل کا کہنا تھا کہ اگر میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کے ساتھ میچ کھیلا گیا تو یہ واضح پیغام ہوگا کہ بی سی سی آئی اور اس میں موجود کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کیلیے ملک سے زیادہ کھیل کی اہمیت ہے، لوگوں کی جذبات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے سابق چیئرمین راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ میں فی الحال اس بات میں کچھ نہیں کہہ سکتا کہ ورلڈ کپ میں ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنا چاہیے یا نہیں، ابھی میگا ایونٹ کافی دور ہے تاہم ہماری پالیسی اور پوزیشن بالکل واضح ہے ہم نے اس حوالے سے حکومت کے حتمی فیصلے کا انتظار کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اگر بھارت نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا تو میچ کے تمام پوائنٹس بغیر کھیلے گرین شرٹس کو مل جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔