پاکستانی شو سے بھارتی گلوکار آؤٹ

قیصر افتخار  بدھ 20 فروری 2019
اب ’’شان پاکستان‘‘ شو  میں صرف پاکستانی گلوکار ہی پرفارم کریں گے۔ فوٹوفائل

اب ’’شان پاکستان‘‘ شو میں صرف پاکستانی گلوکار ہی پرفارم کریں گے۔ فوٹوفائل

لاہور: ’’شان پاکستان‘‘ کے آرگنائزرز نے بھارتی حکومت اور بالی وڈ کو کرارا جواب دیتے ہوئے بھارتی گلوکاروں کو پاکستانی شو سے آؤٹ کردیا۔

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد آئندہ ماہ لاہور میں ہونے والے شو ’’شان پاکستان‘‘ کی انتظامیہ نے بھارتی گلوکارہ ریکھا بھردواج، ہرش دیپ کور اور ویشال کے نام شو سے نکال دیئے۔

21 مارچ سے  لاہور میں ہونے والے دو روزہ ’’شان پاکستان‘‘ شو میں اس مرتبہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بھارتی فنکاروں نے بھی پرفارم کرنا تھا۔ اس سلسلہ میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی تھی جبکہ بھارتی سنگر ریکھا بھردواج، ہرش دیپ کور اور وشال کے ویزہ تک لگ چکے تھے اور ان کی ہوائی ٹکٹ کے ساتھ ساتھ ہوٹل بکنگ بھی کرلی گئی تھی لیکن بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے  بعد شان پاکستان کے منتظمین نے بھارتی فنکاروں کے نام شو سے نکال دئیے  ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: معروف بھارتی گلوکارہ ریکھا کا پاکستان آنے کا اعلان

اب ’’شان پاکستان‘‘ شو  میں صرف پاکستانی گلوکار ہی پرفارم کریں گے۔ اس سلسلہ میں شو آرگنائزر ہما نثر نے بتایا کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد بھارتی گلوکاروں کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا، بھارتی گلوکاروں کے ویزہ اور ٹکٹ کنفرم ہوچکے تھے،  ’’شان پاکستان‘‘ میں اب صرف پاکستانی گلوکار ہی پرفارم کریں گے۔ واضح رہے کہ شان پاکستان 21 اور 22 مارچ کو لاہور میں منعقد ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔