چینی قونصل خانے پر حملے میں بھارتی ایجنسی ’را‘ کی مالی معاونت کا انکشاف

ویب ڈیسک  بدھ 20 فروری 2019
مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹر پول سے رابطہ کیا جائے، چالان۔  فوٹو:فائل

مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹر پول سے رابطہ کیا جائے، چالان۔ فوٹو:فائل

 کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے میں دہشت گردوں کو بھارتی ایجنسی را کی مالی معاونت کا انکشاف ہوا ہے۔

کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا عبوری چالان انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں جمع کرادیا گیا، چالان میں کہا گیا کہ عبداللطیف سمیت 2 ملزمان اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں، دونوں ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو زیر دفعہ 164 کا بیان قلمبند کرایا ہے۔

سی ٹی ڈی نے چالان میں انکشاف کیا ہے کہ دہشت گردوں کی بھارتی ایجنسی ’را‘ نے مالی معاونت کی، سی ٹی ڈی نے مفرور ملزمان کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاری کی سفارش بھی کی ہے۔ چالان کے متن کے مطابق مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹر پول سے رابطہ کیا جائے، ملزمان میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف اور اسلم شامل ہیں۔

عبوری چالان کے مطابق ملزمان نے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کو سہولت فراہم کی، چالان میں پانچ سے زائد دہشتگردوں کو مفرور قرار دیا گیا ہے جب کہ مفرور ملزمان میں حربیار مری ، علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔