ایفی ڈرین کیس: مخدوم شہاب اور دیگر پر فردجرم آج عائد کی جائیگی

قیصر شیرازی  منگل 30 جولائی 2013
 گلوبل فارما کی ایفی ڈرین سے بنی کوئی دوا سندھ، کراچی میں فروخت نہیںکی، ڈیلرز  فوٹو: فائل

گلوبل فارما کی ایفی ڈرین سے بنی کوئی دوا سندھ، کراچی میں فروخت نہیںکی، ڈیلرز فوٹو: فائل

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے گلوبل فارماسیوٹیکل کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خواجہ محمد اسدکو ایفی ڈرین کا اسمگلر قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف باقاعدہ چالان بھی عدالت پیش کر دیا ہے۔

ان کی فیکڑی کے ملازمین اور ڈیلر عرفات ٹریڈرزکے مالکان ذوالفقار شیخانی اور آصف شیخانی ان کے خلاف سرکاری گواہ بن گئے ہیں اور مجسٹریٹ کی عدالت میں بیان دیا کہ خواجہ اسد نے ایفی ڈرین کا جو500 کلوکا کوٹہ لیا اس کی دوائی نہیں بنائی بلکہ یہ تمام ایفی ڈرین منشیات کے اسمگلروںکو فروخت کرکے کروڑوں روپے کما لیے،ان کے ڈیلروں نے بیان میںکہا کہ انھوں نے گلوبل فارما کی ایفی ڈرین سے بنی کوئی دوا سندھ،کراچی میں فروخت نہیںکی، خواجہ اسد نے جو ڈیٹا بنایا وہ جعلی ہے۔ مقدمے میں منشیات اسمگلنگ کی دفعہ9 سی بھی شامل کردی گئی ہے۔

دریں اثنا ایفی ڈرین کیس میں سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین، سابق ایم این اے علی موسیٰ گیلانی، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ، ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرگ عبدالستار سوہرانی،افتخار بابر،کرنل طاہر الودود سمیت12ملزمان پر باقاعدہ فرد جرم آج عائدکی جائیگی۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمود تبسم نے تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرکے آج ہفتے کو پیش ہونیکا حکم دیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔