اپوزیشن کو ہر حکومتی عمل میں جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے، وزیر خزانہ

ویب ڈیسک  بدھ 20 فروری 2019
عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، اسد عمر ۔ فوٹو : فائل

عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، اسد عمر ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت کے ہرعمل میں اپوزیشن کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے۔

اسلام آباد میں ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے نظام چلتا ہے، اور عوام کا حق ہے کہ ٹیکس کا پیسہ ان کی فلاح کےلیے خرچ ہو، لیکن بدقسمتی سے ماضی میں عوام کا ٹیکس کے پیسے سے بیرون ملک جائیدایں خریدی گئیں، اور جب انہیں چور اور ڈاکو کہا جائے تو کہتے ہیں ان کا لہجہ مہذب نہیں۔ بیٹی کے رشتے کےلیے اتنے سوال نہیں پوچھے جاتے جتنے ایف بی آر پوچھتا ہے، قومی اسمبلی میں آنے والے لوگوں کی گاڑیاں اور ان کے گوشوارے دیکھیں جائیں تو کسی کو سوال پوچھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو ڈاکو نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟، حکومت کے ہر عمل میں اپوزیشن کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے، ان کے خلاف کوئی کارروائی ہوتو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے لیکن اب نیا پاکستان دکھائی دینا شروع ہو گیا ہے، ٹیکس نہیں دے رہا اس کے لیے گھیرا تنگ ہونا چاہیے، عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی انہیں پکڑا جائےگا اور ان سے حساب ہوگا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت دائرہ کاروسیع کرنے کے لیےٹیکس نظام میں آسانیاں پیدا کررہی ہے، ایف بی آر کے تمام قوانین انگریزی میں ہیں، اردو میں ہونے  چاہییں، ایف بی آر ٹیکس کا نظام آسان بنائے کیوں کہ جو ٹیکس دینا چاہتے ہیں اُن کے لیے آسانی پیدا کرنی چاہیئں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔