پی آئی اے نے تھیلسیمیا کے 2 مریض بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کردی

ویب ڈیسک  بدھ 20 فروری 2019
پی آئی اے کے چیف پائلٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس کیپٹن عامر آفتاب ٹریننگ انسٹرکٹر تھے، فوٹو: ایکسپریس

پی آئی اے کے چیف پائلٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس کیپٹن عامر آفتاب ٹریننگ انسٹرکٹر تھے، فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) نے تھیلسیمیا کے موذی مرض میں مبتلا 2 بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کر دی۔           

ترجمان پی آئی اے کے مطابق تھیلسیمیا کے شکار 2 بچوں حزیفہ علوی اور سمیع حسین کو بوئنگ 777 کے سمولیٹر میں ایکٹو پائلٹ کی تربیت دی گئی، پی آئی اے کے چیف پائلٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس کیپٹن عامر آفتاب ٹریننگ انسٹرکٹر تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ  تربیتی سیشن پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں کرایا گیا اور بعد ازاں حزیفہ علوی اور سمیع حسین کو پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر ائیر وائس مارشل سبحان نذیر سیّد اور کیپٹن عامر آفتاب نے دونوں بچوں کو کیپٹن کے رینکس لگائے اور انہیں تحائف دیئے۔

اس موقع پر میک اے وش فاؤنڈیشن کے سر پرست اعلیٰ اشتیاق بیگ اور دیگر رضا کار بھی موجود تھے، اشتیاق بیگ نے پی آئی اے کے صدر و سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کے لئے شیلڈ ائیر وائس مارشل سبحان نذیر سیّد کو پیش کی۔

اپنے پیغام میں ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وہ بیمار بچوں کی خواہشات پورا کرنے میں میک اے وش اور اشتیاق بیگ کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔