آئی سی سی بی ایس انکیوبیشن مرکز کے تحت ’ریلوے ٹریکنگ ایپ‘ تیار

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2019
آئی سی سی بی ایس انکیوبیشن سینٹر کے تحت بنائی جانے والی ریلوے ایپ ملک بھر میں استعمال ہورہی ہے (فوٹو: فائل)

آئی سی سی بی ایس انکیوبیشن سینٹر کے تحت بنائی جانے والی ریلوے ایپ ملک بھر میں استعمال ہورہی ہے (فوٹو: فائل)

 کراچی: جامعہ کراچی میں واقع بین الاقوامی مرکز برائے کیمیا و حیاتیاتی علوم ( آئی سی سی بی ایس) میں قائم ٹیکنالوجی پارک اور انکیوبیشن سینٹر کے تحت کام کرنے والی آئی ٹی فرم نے ’ پاک ریل لائیو‘ نامی ایپ بنائی ہے جس کے تحت پاکستان میں کسی بھی جگہ دوڑتی ہوئی ریل کا مقام درستی کے ساتھ معلوم کیا جاسکتا ہے۔

ریلوے ٹریکنگ سسٹم پر مبنی موبائل ایپلی کیشن ایک فری ایپ ہے جسے عوام مفت میں ڈاؤن لوڈ کرکے ٹرینوں کی آمدورفت پر نظر رکھ سکتے ہیں۔ اس کی بدولت حقیقی وقت میں ٹرینوں کا محلِ وقوع معلوم کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح لوگ اپنے عزیزوں کے سفر پر نظر رکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ ٹرین کی لوکیشن اور رفتار کا جائزہ بھی لیا جاسکتا ہے۔اس ایپ کی پشت پر ایک الگورتھم موجود ہے جو ٹرین کی رفتار اور منزلوں پر پہنچنے کی پیشگوئی کرتا ہے۔

آئی سی سی بی ایس کے ایک سینئر آفیشل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 12 فروری کو اس ایپ کا باضابطہ افتتاح کرچکے ہیں اور اب یہ گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔ اس ایپ کی بدولت ٹرین کی آمدورفت کے شیڈول، اگلے اسٹیشن تک ریل کے پہنچنے کا وقت اور دیگر نوٹی فکیشن معلوم کیے جاسکتے ہیں۔ یہ ایپ ’مینگو ٹیک‘ کمپنی نے تیار کی ہے جسے آئی سی سی بی ایس کے زیر انتظام ٹیکنالوجی پارک کی معاونت حاصل رہی۔

اس اہم موقع پر آئی سی سی بی ایس کے سربراہ، ڈاکٹر پروفیسر محمد اقبال چوہدری نے عوامی سہولت کے لیے اہم ایپ کی تیاری پر مینگو ٹیک کے تکنیکی ماہرین کو مبارک باد دی اور ان کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس کے لیے بھی یہ ایک فخریہ لمحہ ہے کیونکہ آئی سی سی بی ایس ٹیکنالوجی پارک اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹر کے تحت قومی سطح پر کوئی کام کیا گیا ہے۔

انکیوبیشن سینٹر اور ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا مقصد نوجوانوں میں اختراعاتی رجحان کو پروان چڑھانا ہے اور یہاں نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے بھرپور بزنس اسٹارٹ اپس اور دیگر کمپنیوں میں مدد دینا ہے۔ ٹیکنالوجی پارک کا دوسرا مقصد جامعات اور صنعتوں کے درمیان فرق کو ختم کرکے ان کے درمیان اشتراک پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خاں اورسابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ڈاکٹر عطا الرحمان نے بھی پاک ریلوے ایپ کی ٹیم کے اہم کام کو سراہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔