سرکاری نرخ پر اشیا کی فراہمی کیلیے موبائل ایپلی کیشن متعارف

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 22 فروری 2019
ایپلی کیشن پرگراں فروشی،ملاوٹ اورذخیرہ اندوزی کی شکایات بھی ارسال ہوسکیں گی،شہری نئی ایپلی کیشن انسٹال کرلیں،کمشنر۔ فوٹو : اے ایف پی

ایپلی کیشن پرگراں فروشی،ملاوٹ اورذخیرہ اندوزی کی شکایات بھی ارسال ہوسکیں گی،شہری نئی ایپلی کیشن انسٹال کرلیں،کمشنر۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی: شہری انتظامیہ نے مہنگائی پر قابو پانے اور شہریوں کو سرکاری نرخ پر اشیائے خورو نوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ موبائل فون میں ایپلی کیشن انسٹال کریں اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اشیائے خورو نوش کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنانے کیلیے شہریوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔

کمشنر کراچی کے مطابق قیمتیں کنٹرول کر نے میں شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، انھوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ موبائل ایپلی کیشن کی موثر انداز میں تشہیر کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ، موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہری سبزی، گوشت، مرغی، کریانہ، بیکری آٹئمز کی قیمتوں سے باخبر رہ سکیں گے۔

کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرزکو ہدایت کی ہے کہ ایپلی کیشن کی تشہیر اور موثر بنانے کیلیے تمام متعلقہ تجارتی انجمنوں سے بھی اشتراک عمل کو فروغ دیں اور فروٹس سیلرز ایسوسی ایشنز، ویجیٹبل سیلرز ایسوسی ایشنزاور کرایانہ ایسوسی ایشنز ، پولٹری ایسوسی ایشنز اور دیگر متعلقہ تنظیموں سے رابطہ کرکے انھیں اس سہولت سے آگاہ کریں تاکہ لوگوں کو اشیائے خورو نوش خریدنے سے قبل اس کی سرکاری طور پر مقرر کی جانے والی صحیح نرخ معلوم ہو اور وہ زائد قیمت سے متعلق اپنی شکایت درج کر اسکیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔