شام میں خود کش کار بمبار حملے میں 20 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2019
داعش نے خودکش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ فوٹو : فائل

داعش نے خودکش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ فوٹو : فائل

دمشق: شام میں سیریئن ڈیموکریٹک فورس کے قافلے پر خود کش کار بم حملے میں 20 کرد جنگجو ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورس کے ایک قافلے پر خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی دھماکے سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 20 کرد جنگجو ہلاک ہوگئے۔

دھماکا اس وقت کیا گیا جب سیریئن ڈیموکریٹک فورس کا ایک قافلہ داعش کے زیر تسلط آخری ٹھکانے باغوز سے شہریوں کو منتقل کر رہا تھا تاکہ داعش کے خلاف حتمی اور فیصلہ کن کارروائی کی جا سکے۔

خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق کرد باغیوں سے ہے جنہوں نے داعش کی خلافت کے اعلان کے بعد امریکی حمایت یافتہ مسلح گروہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے داعش کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

حملے میں عام شہریوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے متضاد اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ امکان ہے کہ 20 ہلاکتوں میں سے 6 شہریوں کی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔