شاہ رخ خان کیلئے بھارتی حکومت کی نفرت سامنے آگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2019
شاہ رخ خان جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق طالبعلم رہ چکے ہیں۔ فوٹوفائل

شاہ رخ خان جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق طالبعلم رہ چکے ہیں۔ فوٹوفائل

نئی دہلی: بھارتی حکومت نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سے نفرت کی حد پار کرتے ہوئے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ نے اپنے سابق طالبعلم  بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو  بھارتی سینما اور ثقافت کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کی درخواست کی تھی لیکن بھارتی وزارت  انسانی وسائل اور ترقی(ایچ آر ڈی) نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی درخواست کو یہ کہہ کر رد کردیا کہ شاہ رخ خان اس سے قبل بھی ایک اور جامعہ سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔

اس حوالے سے جب ایچ آر ڈی سے رجوع کیا گیا تو انہوں نے درخواست رد کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا شاہ رخ خان 2016 میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔ لہٰذا انہیں دوبارہ یہی ڈگری دینا درست نہیں ہوگا۔ایک ہی ڈگری کئی بار دینے کا کوئی اصول نہیں ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت میں ایسا کوئی اصول نہیں ہے کہ ایک ہی شخص کو ایک سے زائد بار اعزازی ڈگری سے نہیں نوازا جاسکتا اس سے قبل بھارتی سائنسدان ای این آر راؤ اور ایم ایس سوامی ناتھن کو کئی بار اعزازی ڈگری سے نوازا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ  شاہ رخ خان جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ ابلاغ عامہ میں ماسٹرز ڈگری کے سابق طالبعلم تھے لیکن وہ کم حاضری کی وجہ سے فائنل امتحان نہیں دے سکے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔