ایران میں 3 روزہ بحری جنگی مشقوں کا آغاز

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2019
ان مشقوں میں پہلی مرتبہ کروز میزائل نصب شدہ آبدوز کو بھی شامل کیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

ان مشقوں میں پہلی مرتبہ کروز میزائل نصب شدہ آبدوز کو بھی شامل کیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

تہران: ایران میں 3 روزہ بڑی بحری جنگی مشقوں کا آغاز آبنائے ہُرمز سے بحر ہند کے حصے میں ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق خلیج فارس کے آبنائے ہُرمُز میں ایرانی بحری فوج نے بڑی جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں جس میں کروز میزائل نصب شدہ آبدوز سمیت 100 سے زائد مختلف اقسام کے بحری جہاز شامل ہیں۔

ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل حسین خان زادی نے میڈیا کو بتایا کہ 3 روزہ جنگی مشقیں آبنائے ہُرمُز سے لے کر بحر ہند کے ایک حصے تک جاری رہیں گی اور یہ جنگی مشقیں خطے میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات اور ملک کی بحری سرحدوں کو درپیش خطرات کے تناظر میں ترتیب دی گئی ہیں۔

ریئر ایڈمرل حسین خان زادی نے مزید کہا کہ ان جنگی مشقوں کو سود مند بنانے کے لیے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز سمیت کئی جدید ہتھیاروں کی أزمائش بھی کی جائے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جوانوں کو خطے میں خطرات سے نبرد آزما ہونے کا موقع ملے گا اور جوانوں کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔