امریکا نے یورپ کو یرغمال بنا رکھا ہے، روسی وزیر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2019
نیٹو دراصل مقدونیہ، یوکرین اور جارجیا کو شامل کرکے یورپ میں فوجی کارروائیوں میں اضافے کا خواہاں ہے، سرگئی لاوروف (فوٹو : فائل)

نیٹو دراصل مقدونیہ، یوکرین اور جارجیا کو شامل کرکے یورپ میں فوجی کارروائیوں میں اضافے کا خواہاں ہے، سرگئی لاوروف (فوٹو : فائل)

 ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکا نے اپنی پالیسیوں سے پورے یورپ کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے امریکی پالیسیوں کے روس پر اثرات کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے کئی دہائیوں قبل جوہری توانائی سے دست بردار ہوکر مرتب کی گئی یک طرفہ پالیسیاں یورپ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اسے یرغمال بنا رہی ہیں۔

سرگئی لاوروف نے اپنی بات میں وزن پیدا کرنے کے لیے مزید کہا کہ امریکا کے زیر اثر نیٹو اپنی وسعت پذیری کی پالیسی کے تحت مقدونیہ، یوکرین اور جارجیا کو اپنی صف میں شامل کرنے کے لیے کوششوں میں جُتا ہوا ہے جس سے نیٹو کی یورپ میں فوجی کارروائیوں میں اضافہ ہو جائے گا۔

روسی وزیر خارجہ نے یورپی یونین سے تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی تاجر برادری امریکی پابندیوں سے اکتا چکی ہے اور تاجر اب روس کی جانب دیکھ رہے ہیں جس کے باعث روس اور یورپی یونین  کے باہمی تجارتی حجم میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

روسی وزیرخارجہ نے امریکا کو یورپی یونین پر پابندی عائد کرنے سے باز رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ روس اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی حجم 300 ارب ڈالر تک بڑھ چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔