احتساب کمیشن کے خاتمے سے کیسز ختم نہیں ہوسکتے، پشاور ہائی کورٹ

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2019
عدالت نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری قانون کو طلب کرلیا (فوٹو: فائل)

عدالت نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری قانون کو طلب کرلیا (فوٹو: فائل)

پشاور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ احتساب کمیشن کے خاتمے سے کیسز ختم نہیں ہوسکتے۔

ایکسپریس کے مطابق احتساب کمیشن کی جانب سے گرفتار شہری کی بریت سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس اکرام اللہ کی عدالت میں مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سکندر خان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے باعث عدالت میں کمیشن کا کوئی نمائندہ پیش نہ ہوسکا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نےعدالت کو بتایا کہ احتساب کمیشن ختم ہوچکا ہے اب مقدمات نیب اور اینٹی کرپشن کے حوالے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کابینہ نے احتساب کمیشن ختم کرنے کی منظوری دیدی

جسٹس اکرام اللہ نے ریمارکس دیے کہ کمیشن کا کوئی سربراہ نہیں تو وزیر اعلیٰ سربراہ ہے وہ  خود پیش ہوجائے، کمیشن کے خاتمے سے کیسز ختم نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری قانون کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ احتساب کمیشن نے اسد گل نامی شہری کی بریت کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔