بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کا کنگنا کے ساتھ کام کرنے سے انکار

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2019
علی عباس ظفر ان دنوں سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں (فوٹو: فائل)

علی عباس ظفر ان دنوں سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں (فوٹو: فائل)

 ممبئی: معروف بالی ووڈ ہدایت کار علی عباس ظفر نے کنگنا رناوت کے ساتھ کام کرنے سے صاف انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ کی تشہیر کے لیے فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر اور کترینہ کیف نے ایک شو میں شرکت کی اور جہاں اُن سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں ہدایت کار نے جواب دے کر میزبان کو ہی سوچنے پر مجبور کردیا۔

میزبان کی جانب سے علی عباس ظفر سے سوال پوچھا گیا کہ انڈسٹری کی ایسی کون سی اداکارہ ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرنا نہیں چاہیں گے؟ جس پر ابتدا میں علی عباس نے مزاحیہ انداز میں ہالی ووڈ اداکارہ جنیفر لارنس کا نام لیا لیکن جب اُن سے زور دے کر بالی ووڈ کی اداکارہ کا نام پوچھا گیا تو انہوں نے فوری طور پر کنگنا رناوت کا نام لیا۔

شو کی میزبان نے ہدایت کار کے جواب پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کنگنا کا نام لینے کی وجہ پوچھنا چاہی تو ساتھ بیٹھی کترینہ کیف نے مداخلت کرتے ہوئے اگلے سوال کی جانب بڑھنے کی استدعا کی۔

یہ پڑھیں: سدھو کو کپل شرما شو سے نکالنے میں سلمان خان ملوث نکلے

واضح رہے کہ علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بھارت ‘ میں سلمان خان کے ہمراہ کینیڈین اداکارہ نورا فتیحی اور کترینہ کیف کے علاوہ دیشا پٹانی، تبو، سنیل گروور بھی شامل ہیں جب کہ فلم 2019ء میں عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔