ای سی سی کا اجلاس، سونے کی درآمد اور زندہ جانوروں کی برآمد پر پابندی

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 31 جولائی 2013
سونے کی درآمد پر پابندی ایک ماہ رہیگی، ایران کو 30ہزار میٹرک ٹن گندم برآمد کرنیکی منظوری۔  فوٹو: آئی این پی

سونے کی درآمد پر پابندی ایک ماہ رہیگی، ایران کو 30ہزار میٹرک ٹن گندم برآمد کرنیکی منظوری۔ فوٹو: آئی این پی

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بارٹر سسٹم کے تحت ایران کو 30 ہزار میٹرک ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی اور یکم اکتوبر سے زندہ جانوروں کی برآمد پر پابندی عائد کردی جبکہ 30 دن کیلئے سونے کی درآمد پر بھی پابندی عائد کردی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز یہاں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے جیولری انڈسٹری کی سہولت کیلئے اور زیورات کی برآمدات کے فروغ کیلئے مختلف سکیموں کے تحت جیولرز کو بغیر کسٹمز ڈیوٹی کے سونا درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی تھی لیکن مشاہدے میں آیا ہے کہ بغیر کسٹمز ڈیوٹی کے سونا درآمد کرنے کی سکیموں کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال ہورہا ہے جس کے باعث ایف بی آر نے تیس دن کیلئے ڈیوٹی فری سونے کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیدی اور ای سی سی نے وزارت تجارت کو ہدایت کی ہے کہ جیولری کی صنعت سے وابستہ حقیقی برآمد کنندگان و تاجروں کو زیورات کی برآمدات کیلئے ڈیوٹی فری سونے کی درآمد کی اجازت دینے کے بارے میں میکنزم وضع کرے۔

اس بارے میں وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ای سی سی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا جون 2013 کے دوران ڈیوٹی فری گولڈ درآمد کرنے کی سکیموں کے تحت مجموعی طور پر92.97 ارب روپے کا سونا درآمد کیا گیا ہے جبکہ گذشتہ سال اسی عرصہ کے دوران انہیں سکیموں کے تحت 19.132 ارب روپے مالیت کا سونا درآمد کیا گیا تھا۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ای سی سی کے اجلاس میں نندی پور پاور پروجیکٹ کی لاگت میں اضافہ کے بارے میں بھی رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت کی کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن اور ڈیلرز کے مارجن پر نظر ثانی کے حوالے سے45 دن میں رپورٹ تیار کرکے ای سی سی کو جمع کروائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔