مالی میں القاعدہ کا اعلیٰ ترین کمانڈر فرانسیسی فوج کے ہاتھوں ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 فروری 2019
القاعدہ کمانڈر ابو یحیٰ الحمامی ٹمبکٹو کا گورنر بھی رہا ہے۔ فوٹو : فائل

القاعدہ کمانڈر ابو یحیٰ الحمامی ٹمبکٹو کا گورنر بھی رہا ہے۔ فوٹو : فائل

پیرس: افریقی ملک مالی میں فرانسیسی فوج کے آپریشن میں القاعدہ کا اعلیٰ ترین کمانڈر یحیٰ ابو الحمامی مارا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک مالی کے شمال مغربی علاقے میں فوجی آپریشن کے دوران القاعدہ کا اعلیٰ ترین سرگرم کمانڈر یحیٰ ابوالحمامی دوبدو لڑائی میں ہلاک ہوگیا۔ فوجی آپریشن مقامی فوج نے فرانسیسی فوج کی کمان میں مشترکہ طور پر کیا۔

فرانسیسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کامیاب فوجی آپریشن کیا گیا، اس آپریشن کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ انتہائی مطلوب معروف اور اعلیٰ ترین کمانڈر ابو یحیٰ کی ہلاکت ہے۔

ابو یحیٰ الحمامی کا تعلق الجزائر سے تھا اور وہ شمالی و مغربی افریقہ میں جہادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اغوا کی کئی وارداتوں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ ابو یحیٰ دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ ساز بھی تھا۔

واضح رہے کہ اپریل 2012 سے مارچ 2013 تک القاعدہ کی حکومت کے دوران ٹمبکٹو کے گورنر رہنے والے ابو یحیٰ الحمامی کی ہلاکت کا متعدد بار دعویٰ کیا جا چکا ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔