صحافیوں کا بہاولپور میں جیش محمد کے مبینہ ہیڈکوارٹر کا دورہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 فروری 2019
ڈی سی شوذب سعید نے مدرسہ کو کالعدم جیش محمد کا ہیڈکوارٹر قرار دینے کا الزام مسترد کردیا فوٹو:فائل

ڈی سی شوذب سعید نے مدرسہ کو کالعدم جیش محمد کا ہیڈکوارٹر قرار دینے کا الزام مسترد کردیا فوٹو:فائل

بہاولپور: ضلعی انتظامیہ کی دعوت پر صحافیوں نے بہاولپور میں مدرسے میں قائم جیش محمد کے مبینہ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے صحافیوں کے ہمراہ شہر میں مدرستہ الصابر کا دورہ کیا۔ ڈی سی بہاولپور شوذب سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدرسے میں طلبا قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرتے ہیں، اس میں 650 طلباء زیر تعلیم ہیں، 70 اساتذہ ہیں اور 16 ملازمین ہیں، اس مدرسے سمیت شہر کے تمام مدارس کی ماہانہ بنیادوں پر اسکروٹنی کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بہاولپورمیں کالعدم جیش محمد کے ہیڈ کوارٹر کا کنٹرول پنجاب حکومت نے سنبھال لیا

شوذب سعید نے بھارتی پروپگینڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس مدرسہ کو کالعدم جیش محمد کا ہیڈکوارٹر کہنے کا الزام بے بنیاد ہے، وفاقی حکومت کی ہدایت پر مدرسہ کو صوبائی تحویل میں لے کر محکمہ اوقاف کے حوالے کردیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک ایڈمنسٹریٹر بھی مدرسہ کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔

صحافیوں کے مطابق مدرسے میں چھٹی جماعت سے لے کر ایم اے تک تعلیم دی جاتی ہے، دورے کے دوران کوئی مذہبی لٹریچر نہیں ملا اور نہ کوئی مشکوک بات دیکھنے میں آئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بہاولپور میں مدرسہ الصابر اور اس سے ملحقہ مسجد سبحان اللہ کا کنٹرول پنجاب حکومت نے سنبھال لیا تھا اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔