نیب معیشت کے لیے زہر قاتل ہے، فضل الرحمن

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 فروری 2019
حکمرانوں میں ایک محلہ اور گلی چلانے کی صلاحیت بھی نہیں، سربراہ جے یو آئی (ف) فوٹو:فائل

حکمرانوں میں ایک محلہ اور گلی چلانے کی صلاحیت بھی نہیں، سربراہ جے یو آئی (ف) فوٹو:فائل

 کراچی: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نیب معیشت کے لیئے زہر قاتل ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور ایم ایم اے کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کراچی پريس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں ایک محلہ اور گلی چلانے کی صلاحیت نہیں، پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے ہزاروں گھر گرادیئے، چار ماہ قبل ڈالر 110 روپے کا تھا آج 140 پر پہنچ گیا ہے۔

فضل الرحمن نے کہا کہ آئی ایم ایف ہم سے کھیل رہا ہے، جب تک ڈالر 150 روپے پر نہیں پہنچ جاتا آئی ایم ایف ہم سے بات بھی نہیں کرے گا، ملک  کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف بھارت آبی جارحیت پر اترا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت کو اپنا صوبہ بنایا گیا تو اس کا مطلب ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی حکومت کو آپ نے تسلیم کر لیا۔

سربراہ جے یو آئی نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب کو امرت دھارا سمجھا جا رہا ہے حالانکہ نیب معیشت کے لیئے زہر قاتل ہے، قومی احتساب بیورو کا ادارہ سیاستدانوں سے انتقام لینے کیلیے بنایا گیا تھا، جب تک نیب کی یہ روش رہے گی کوئی سرمایہ کاری کرے گا نہ کوئی آئے گا، کوئی بیوروکریٹ بھی کسی فائل کوہاتھ نہیں لگارہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔