صرف تین منٹ دیر سے آنے پر جاپانی وزیر نے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  منگل 26 فروری 2019
یوشی تاکا ساکورادا جو ان دنوں جاپان میں شدید تنقید کا عنوان بنے ہوئے ہیں۔ فوٹو: بی بی سی

یوشی تاکا ساکورادا جو ان دنوں جاپان میں شدید تنقید کا عنوان بنے ہوئے ہیں۔ فوٹو: بی بی سی

ٹوکیو: جاپان میں اولمپکس کے وزیر نے ایک اجلاس میں صرف تین منٹ کی تاخیر سے پہنچنے پر معافی مانگ لی۔

یوشی تاکا ساکورادا کے ذمے جاپان میں اولمپکس کھیلوں کے انعقاد کی ذمے داریاں ہیں لہٰذا انہیں وزیرِ اولمپکس کہا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل بھی وہ اپنی غلطیوں اور تاخیر پر معذرت کرچکے ہیں۔

اس جمعرات کو وہ پارلیمانی میٹنگ میں تاخیر سے پہنچے اور انہوں نے تین منٹ دیر سے پہنچنے پر معافی مانگی۔ لیکن اپوزیشن اراکین ان کی تاخیر پر معافی قبول نہیں کی اور اور اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے 5 گھنٹے تک احتجاج کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ وزیرِ موصوف کے لیٹ ہونے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہورہا ہے۔

یوشی تاکا پر تنقید کا عمل نیا نہیں کیونکہ ان کے پاس سائبرسیکیورٹی کا قلمدان بھی ہے۔ اس اہم عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ کمپیوٹر چلانا تک نہیں جانتےجس کےبعد ان پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ حزبِ اختلاف نے ان سے استغفے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

یوشی تاکا کے بارے میں ایک سروے بھی کیا گیا تھا جس میں 65 فیصد افراد نے کہا تھا کہ وہ اپنی ذمے داریوں کے لیے نااہل ہیں جبکہ صرف 13فیصد افراد نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور بقیہ نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔