ٹیم کا زمبابوین ٹور چیمپئنز لیگ سے متصادم، بورڈ پریشان

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 1 اگست 2013
بھارت کی تقلید میں پاکستان کو نوجوان پلیئرز منتخب کرنے کے دباؤ کا سامنا۔ فوٹو: فائل

بھارت کی تقلید میں پاکستان کو نوجوان پلیئرز منتخب کرنے کے دباؤ کا سامنا۔ فوٹو: فائل

کراچی: زمبابوین ٹور کے چیمپئنز لیگ سے ممکنہ تصادم نے پی سی بی کیلیے پریشانی کھڑی کردی۔

بھارت میں شیڈول ایونٹ میں مصباح الحق کی زیر قیادت فیصل آباد وولفزکو شرکت کرنی ہے،کپتان ایک ہفتہ قبل ہی بھارتی سرزمین پر ڈیرے ڈالنے کے خواہاں ہیں، آخری ٹیسٹ میں انھیں اور سعید اجمل کو نہ کھلانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، بھارت کی تقلید میں پی سی بی کو نوجوان پلیئرز منتخب کرنے کے دباؤ کا بھی سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ زمبابوے کا 2ٹوئنٹی 20، تین ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کیلیے ٹور کرنا ہے، ابھی تک شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی گئی تاہم امکان اس بات کا ہے کہ پاکستان ٹیم 19 یا 20 اگست کو ہرارے روانہ ہوگی،وہاں پر ٹور 16 ستمبر تک جاری رہے گا، بھارت میں شیڈول ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ کا کوالیفائنگ راؤنڈ حیدرآباد دکن میں17ستمبر سے شروع ہونا ہے۔

مصباح الحق نے پہلے ہی بورڈ حکام پر واضح کردیاکہ ان کی ٹیم فیصل آباد وولفز کو اس ایونٹ کی تیاری کیلیے ایک ہفتے قبل ہی بھارت پہنچنا ہوگا،وہ نہیں چاہتے کہ ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی باہر ہوجائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے زمبابوین کرکٹ سے ایسا شیڈول تیار کرنے کی درخواست کی جس سے ٹیم مناسب وقت پر وطن واپس پہنچ سکے، اس کے ساتھ یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ آخری ٹیسٹ میں مصباح الحق اور سعید اجمل کو نہ کھلایا جائے تاکہ وہ فیصل آباد وولفز کے ساتھ بھارت جاسکیں۔

دوسری جانب پی سی بی پر  بھارت کی تقلید میں نوجوان پلیئرز کو زمبابوے بھیجنے کیلیے دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے، یہ مطالبہ کیا جانے لگاکہ کمزور ٹیم کیخلاف سیریز کیلیے بھارت کی طرح نئے پلیئرز کو موقع دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔