ویمنز ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر؛ فائنل میں بارش کی دخل اندازی، آج مکمل ہوگا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 1 اگست 2013
ڈبلن: آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر کے فائنل میں پاکستانی بیٹسویمن نین عابدی کے شاٹ پر سری لنکن وکٹ کیپر ڈیلانی گیند روکنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔ فوٹو: آئن جیکب فوٹوگرافی

ڈبلن: آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر کے فائنل میں پاکستانی بیٹسویمن نین عابدی کے شاٹ پر سری لنکن وکٹ کیپر ڈیلانی گیند روکنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔ فوٹو: آئن جیکب فوٹوگرافی

ڈبلن: آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر کے گزشتہ روز شیڈول میچز بارش سے بُری طرح متاثر ہوگئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل بھی جمعرات کو ریزرو ڈے میں مکمل ہوگا، گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 112 رنز اسکور بورڈ پر سجا دیے، نین عابدی نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، انھوں نے 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکے بھی لگائے، بسمہٰ معروف نے 35 بالزپر آؤٹ ہوئے بغیر اتنے ہی رنز بنائے، انھوں نے ایک بار گیند کو باؤنڈری کی سیر کرائی، بسمہٰ اور نین عابدی کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 82 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم ہوئی، اوپنرز ناہیدہ خان 8 اور جویریہ خان 11 رنز بناکر میدان بدر ہوئیں۔

111 کے مجموعے پر پاکستان کی2 پلیئرز ندا ڈار(1) اور قنیطہ جلیل(0) آؤٹ ہوگئیں، چندیما گونارتنے اور چمانی سیناویراتنے کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں، آئی لینڈرز کو موسم نے اننگز کا آغاز کرنے کی اجازت نہ دی۔ میزبان آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان تیسری پوزیشن کا میچ بھی جمعرات تک موخر کردیاگیا، مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں شیلڈ فائنل میں تھائی لینڈ نے زمبابوے کو ڈی ایل سسٹم پر 25 رنز سے ہرا دیا، ناکام ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 85 رنز اسکور کیے، حریف نے جواب میں 7 اوورز کے ممکنہ کھیل میں بغیر کسی نقصان 48 رنز جوڑے، کھیل رکنے کے بعد ڈی ایل میتھیڈ پر ہدف24 رنز آیا، جس پر تھائی لینڈ کو 25 رنز سے فاتح قرار دے دیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔