اس سال بڑی کمپنیاں فولڈنگ فونز کے میدان میں نبرد آزما ہوں گی

ویب ڈیسک  منگل 26 فروری 2019
اس سال کم ازکم چار کمپنیاں فولڈ ہوجانے ڈسپلے کے ساتھ اسمارٹ فون پیش کررہی ہیں۔ فوٹو: فائل

اس سال کم ازکم چار کمپنیاں فولڈ ہوجانے ڈسپلے کے ساتھ اسمارٹ فون پیش کررہی ہیں۔ فوٹو: فائل

کیلیفورنیا: دنیا بھر کے عوام اسمارٹ فون میں جدت کے بھوکے ہیں؛ اور اسی اشتہا کو دیکھتےہوئے گزشتہ برس ایپل اور سام سنگ کمپنیوں نے تہہ ہوکر بند ہونے اور کھلنے والے فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی نوید سنائی تھی۔ اس ضمن میں کمپنیوں نے اپنی اپنی اختراعات اور پیٹنٹس کی تفصیلات بھی پیش کی تھیں۔

اس سال سام سنگ نے سب سے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ فولڈنگ فون رواں سال کےدرمیان پیش کررہی ہیں (لیکن امکان ہے کہ اس سے جلد بھی یہ فون ریلیز ہوسکتا ہے) جس کی قیمت 1980 ڈالر سے شروع ہورہی ہے یعنی اس کی قیمت پاکستانی دو لاکھ 70 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔ اس ضمن میں سام سنگ نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں اس فون کی ایک جھلک دیکھی جاسکتی ہے۔ اس فون کو سام سنگ گیلکسی ایس ٹین کا نام بھی دیا جارہا ہے تاہم ایک تجزیہ کار ویب سائٹ نے اسے ’سام سنگ گیلکسی فولڈ‘  یا صرف ’گیلکسی ایف‘ کا نام بھی دیا ہے۔

موبائل کمپنیوں پر گہری نظر رکھنے والی ویب سائٹس نے کہا ہے کہ ایپل نے فولڈنگ فون کے کئی ماڈل پیٹنٹ کرائے ہیں جن کی معلومات افشا نہیں کی گئی ہیں۔ بعض تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ فولڈنگ فون کی اس دوڑ میں ایپل پیچھے رہ گیا جس کی ایک وجہ ایپل فون میں عوام الناس کی عدم دلچسپی اور کاروباری نقصانات بھی ہیں۔

فوربز کی ویب سائٹ کے مطابق ایپل نے 2014 میں ایک تہائی فولڈ ہوجانے والے اسمارٹ فون کا پیٹنٹ حاصل کیا تھا لیکن پر سست رفتاری سے کام جاری تھا اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ ایپل نے اس پر تیزی سے کام شروع کردیا ہے۔ ماہرین کے مطابق شاید اس کا نام ’ آئی فون ایکس فولڈ‘ رکھا جائے گا۔ ماضی میں نوکیا کمیونی کیٹر کی طرز پر بنائے جانے والے ایپل فولڈیبل فون میں لیپ ٹاپ کی طرح کی بورڈ شامل ہوگا یا اسی طرز پر کام کرے گا۔  تاہم ٹامز گائیڈ نامی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل فولڈنگ فون اگر تاخیر سے بھی آتا ہے تب بھی وہ اس میدان میں قدم جمانے میں کامیاب ضرور ہوجائے گا۔

ہُواوے: نیا کھلاڑی

گزشتہ کئی برسوں سے ہُواوے کمپنی کم قیمت بہترین فون پیش کرتی آرہی ہے اور اب وہ بھی اس سال فولڈنگ فون کی دوڑ میں شامل ہورہی ہے۔ اس ضمن میں ہُواوے نے اپنے فولڈنگ فون کا اعلان کردیا ہے تاہم اس کی قیمت بہت زیادہ بتائی جارہی ہے جو 2600 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ ہواوے نے اسے ’میٹ ایکس‘ کا نام دیا ہے جسے شیشے کے کیس میں بند کیا گیا ہے تاکہ یہ خراش اور کھرونچوں سے محفوظ رہ سکے۔

اس کے بعد ایک اور غیرمعروف کمپنی ٹی سی ایل نے بھی اپنے فولڈنگ فون کا اعلان کیا ہے۔ اس کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فولڈیبل فون بقیہ تمام کمپنیوں سے سستے ہوں گے۔ اس ضمن میں کمپنی نے زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی ہیں لیکن دور سے ایک ماڈل کی مبہم تصویر ضرور پیش کی ہے جو آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔

ٹی سی ایل مختلف اقسام کے ڈسپلے بنانے میں غیرمعمولی شہرت رکھتی ہے۔ اس کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کا فولڈنگ فون سام سنگ فون سے نصف قیمت پر فروخت کیا جائے گا تاکہ عوام کا بڑا طبقہ اسے خرید سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔