یوم علی ؓ بخریت گزرنے پرجتناشکر اداکیاجائے کم ہے،الطاف حسین

ایکسپریس ڈیسک  جمعرات 1 اگست 2013
موثرسیکیورٹی اقدامات پرحکومت،انتظامیہ وقانون نافذکرنیوالے ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں
فوٹو: فائل

موثرسیکیورٹی اقدامات پرحکومت،انتظامیہ وقانون نافذکرنیوالے ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں فوٹو: فائل

لندن:  متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے یوم شہادت حضرت علی ؓ کے سلسلے میں عزاداری کے جلوسوں کیلیے پاکستان بھرمیں امن وامان کے مؤثراقدامات پرحکومت وانتظامیہ کوزبردست خراج تحسین پیش کیاہے۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یوم علی ؓ انتہائی عقیدت واحترام سے منایاگیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کراچی سمیت ملک کے دیگرشہروں میں یوم علیؓ کے سلسلے نکالے والے جلوس بخیریت اختتام پذیرہوئے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنابھی شکرادا کیاجائے کم ہے ۔ الطاف حسین نے اس موقع پرمؤثر حفاظتی اقدامات کرنے پر حکومت بالخصوص قانون نافذکرنے والے اداروں کے سربراہان اور اہلکاروں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم،اتحاد بین المسلمین اور مذہبی رواداری پر یقین رکھتی ہے اورپاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اورمکاتب فکرسے تعلق رکھنے والوں کو برابرکاپاکستانی تسلیم کرتی ہے ۔الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم،فرقہ واریت کی بنیادپرمسلمانوں کی تفریق اورفرقہ وارانہ فسادات کے خاتمے کیلیے کرداراداکررہی ہے اورایم کیوایم ،اپنے قیام کے دن سے آج تک فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوربھائی چارے کے فروغ کیلیے جدوجہد کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔