عافیہ و دیگر قیدیوں کو چھڑانے کی ہر ممکن کوشش کرینگے، ایمن الظواہری

 جمعرات 1 اگست 2013
امریکی حکومت کو ڈرون حملے نہیں بچاسکتے، القاعدہ کے مرکزی رہنما کا اوباما کو پیغام۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

امریکی حکومت کو ڈرون حملے نہیں بچاسکتے، القاعدہ کے مرکزی رہنما کا اوباما کو پیغام۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

دبئی: القاعدہ کے مرکزی رہنما ایمن الظواہری نے کہا ہے کہ القاعدہ عافیہ صدیقی اور گوانتاناموبے کے بھوک ہڑتالی قیدیوں کو چھڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹرنیٹ پر جاری ایک آڈیو پیغام میں ایمن الظواہری  نے کہا کہ ہمارے ساتھیوں کی گوانتاناموبے جیل میں جاری بھوک ہڑتال سے امریکا کا حقیقی بد صورت چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔  ہم تمام قیدیوں کو چھڑانے کی بھرپور کوشش کریں گے، ان قیدیوں میں سر فہرست عمر عبدالرحمن، عافیہ صدیقی، خالد شیخ محمد اور استحصال کے شکار باقی مسلمان شامل ہیں.

اپنے پیغام میں الظواہری نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس مقصد کے لیے وہ کیا حکمت عملی اپنائیں گے لیکن ماضی میں شدت پسند مغربی شہریوں کو اغوا کرنے اور ان کے بدلے اپنے ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ الظواہری نے واشنگٹن کے ڈرون حملوںکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی صدر اوباما کو مخاطب کرتے ہوئے ایمن الظواہری نے کہا کہ ڈرون حملے امریکی صدراوباما اور ان کی حکومت کو بچا نہیں سکتے، یہ حملے آپ اور آپ کی حکومت کی مسلسل ناکامیوں کی علامت ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔