امریکی کمپنی نے پاکستان میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا پروگرام ترتیب دے دیا

احتشام مفتی  منگل 26 فروری 2019
کمپنی "کارگل" لاجسٹک، اینیمل اینڈ پولٹری فیڈ اور خوردنی تیل کی اسٹوریج کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گی (فوٹو: انٹرنیٹ)

کمپنی "کارگل" لاجسٹک، اینیمل اینڈ پولٹری فیڈ اور خوردنی تیل کی اسٹوریج کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گی (فوٹو: انٹرنیٹ)

 کراچی: امریکی کمپنی “کارگل” نے پاکستان میں لاجسٹک، اینیمل اینڈ پولٹری فیڈ اور خوردنی تیل کی اسٹوریج کے شعبوں میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا پروگرام ترتیب دے دیا۔

ایکسپریس کے مطابق امریکی کمپنی کارگل Cargill پاکستان میں گزشتہ 30 سال سے تجارتی سرگرمیوں میں متحرک ہے جو نئی منصوبہ بندی کے تحت آئندہ 3 سے 5 سال کے دوران پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گی۔

کارگل پاکستان کے کنٹری ہیڈ عمران نصراللہ نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان منافع بخش سرمایہ کاری کا حامل ملک بن گیا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے سرمایہ کار اور کمپنیاں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کارگل پاکستان کی ڈیری فارمنگ، لاجسٹک، ٹرکنگ کے شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہے اور کمپنی کی خواہش ہے کہ پاکستان کی ڈیری سیکٹر کی اپ گریڈیشن، دودھ میں غذائیت اور توانائی کے معیارات کے تعین کے لیے قانون سازی کی جائے تاکہ حفظان صحت کے عالمی اصولوں اور معیار کے مطابق ملک دودھ کی پیداوار کو بڑھائی جاسکے۔

عمران نصر اللہ نے بتایا کہ کارگل دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے کارپوریٹ فارمنگ، اینیمل اور پولٹری فیڈ کی مینوفیکچرنگ میں پاکستانی پروفیشنلز کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب میں منظور شدہ ڈیری ایکٹ پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کا آغاز کرے اور ڈیری سیکٹر کے لیے مطلوبہ قانون سازی کا عمل مکمل کرے تو پاکستان میں تازہ دودھ کی پیداوار 5 تا 20 فیصد بڑھنے کے امکانات روشن ہیں جبکہ مذکورہ اقدامات پر عمل درآمد کے 2سال کے دوران خشک دودھ کی صورت میں پاکستان سے برآمدات شروع ہوجائیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں عمران نصراللہ نے بتایا کہ پورٹ انفرا اسٹرکچرل انویسٹمنٹ کے حوالے سے کارگل کی پورٹ قاسم میں واقع نجی شعبے کے فوجی اکبر پورشیا میرین ٹرمینل کے ساتھ شراکت داری پر مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کارگل نے سال 2018ء کے دوران پاکستانی مارکیٹ میں 1ارب ڈالر مالیت کے پام آئل، سویابین، کوکو، اینیمل فیڈ کے کچھ اجزاء کی ریکارڈ سیل کی ہے، کارگل آئندہ ایک سال کے دوران پورٹ قاسم میں قائم اپنے خوردنی تیل کے اسٹوریج کی استعداد کو8ہزار ٹن سے بڑھا کر16 ہزار ٹن کردے گا جس پر10 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی جبکہ اینیمل، پولٹری فیڈ کے شعبے میں کمپنی 3کروڑ ڈالر اور لاجسٹک اینڈ ٹرکنگ میں 3کروڑ50لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

واضح رہے کہ 17 جنوری کو کارگل کمپنی کے وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرکے ملک میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔