ہم نے غلط کام نہیں کیا، عدالت ضرور جائینگے، شیریں مزاری

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعرات 1 اگست 2013
عمران خان  نے جان کیری سے ملاقات سے انکار کرکے اچھا کیا، شاہد لطیف کی کل تک میں گفتگو فوٹو: فائل

عمران خان نے جان کیری سے ملاقات سے انکار کرکے اچھا کیا، شاہد لطیف کی کل تک میں گفتگو فوٹو: فائل

اسلام آباد: ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ جو زبان عمران خان نے استعمال کی ہے وہ اس پر حیران ہیں، اس سے قبل تحریک انصاف نے عدلیہ کی عزت کا جھنڈا بلند کیا ہوا تھااور ان کی جانب سے کہا جاتا تھا کہ اگر عدلیہ کا حکم نہ مانا گیا تو وہ تحریک چلائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک کے میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے ڈوگرکورٹس اس لیے کہا کہ کیونکہ ن لیگ کو فوجی آمرکے انگوٹھے کے نیچے بنی ہوئی عدلیہ قبول نہیں تھی، جب سے عدلیہ بحال ہوئی ہے ہم نے اس کی عزت وتکریم کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جان کیری کے ساتھ ملاقات میں ڈرون حملوں ، سرحد پار سے دہشت گردی، باہمی تجارت سیمت بہت سے معاملات پر بات ہو گی،قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کے مفادات پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، جو بھی بات ہوگی وہ زبانی نہیں تحریری ہو گی۔

تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان کو ابھی تک توہین عدالت کا نوٹس نہیں ملا، یہ میڈیا کو پہلے پہنچا دیا گیا ہے، عمران خان نے توہین عدالت نہیں کی، انھوں نے کوئی نئی بات نہیں کی، ساری جماعتیں الیکشن میں دھاندلی کی بات کر رہی ہیں، صدر زرداری نے بھی عام انتخابات کو آر او الیکشن کہا ہے، لاہور ہائی کورٹ بار نے تو ججوں کا نام لے کر تنقید کی ہے، سب کونظر انداز کر کے صرف عمران خان کو نوٹس دیا گیا ہے، مقدس گائے کوئی نہیں ، جب عدالت کوئی فیصلہ سنا دے تو اس پر تنقید کی جا سکتی ہے، ہم نے کوئی غلط کام نہیںکیا ہے اور عدالت ضرور جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ امریکی حکومت اس شرط پر عافیہ صدیقی کو پاکستان کے حوالے کرنے کا معاہدہ کرنا چاہتی ہے کہ ہم امریکی عدالت کے عافیہ کو سزا دینے کے فیصلے کو تسلیم کریں گے، وہ اپنی باقی سزا پاکستان میں پوری کرے گی اور ہم شکیل آفریدی کو ان کے حوالے کریں گے، اگر ایسا معاہدہ ہوا تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔ دفاعی تجزیہ نگار شاہد لطیف نے کہا کہ ہمیں امریکہ سے ڈرون حملے بند کرنے ، اور سرحد پار سے پاکستان میں ہونے والی دہشگردی پر قابو پانے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ اس سے یہ بھی پوچھنا چاہیے کہ وہ ہمیں ایران اور چین سے نیوکلئیر انرجی کے معاہدے نہیں کرنے دے رہا آخر وہ ہم سے کہا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے جان کیری سے ملاقات سے انکار کر کے اچھا کیا ہے۔ یہ بہت بڑا قدم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔