بھارت کیخلاف جوابی کارروائی پر سیاستدانوں کا پاک  فضائیہ کو خراج تحسین

ویب ڈیسک  بدھ 27 فروری 2019
ہر جارحیت پر دشمن کو ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا انشاءاللہ، شہباز شریف	 فوٹوفائل

ہر جارحیت پر دشمن کو ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا انشاءاللہ، شہباز شریف فوٹوفائل

اسلام آباد: بھارتی فضائیہ کی دراندازی کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کی جوابی کارروائی پر سیاسی قائدین نے ردعمل دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے۔

بھارتی فضائیہ کی دراندازی کے جواب میں پاک مسلح افواج کی کارروائی پر پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مولانا فضل الرحمن، عثمان بزدار، مصطفیٰ کمال، مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب اور عبدالعلیم خان سمیت متعدد سیاستدانوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا حق ہے، ہم پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جارحانہ اور ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہیئے، پاکستان کے شاہینوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دشمن پر فتح ونصرت عطا فرمائی، قوم سجدہ شکر بجا لائے۔ بھارت جان لے اس نے دنیا کی بہترین افواج سے پنگا لیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتے مگر مجبور کیا گیا تو تیار ہیں، پاکستان

آصف زرداری نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنا دفاعی حق استعمال کیا، بھارت کو چاہیے کہ سرحدوں کے تقدس کا احترام کرے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے ہیں، پاکستان ایئر فورس نے بھارت کو باور کروا دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، امید ہے مودی سرکار پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی دوبارہ حماقت نہیں کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔